قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی خطاب کیا، اور افغانستان سے بڑھتی ہوئی دہشت گردی پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ افغانستان دہشت گردوں کی آماجگاہ بن چکا ہے اور جو آگ پاکستان میں لگی ہے، ہمارے اردگرد کے ممالک یہ نہ سمجھیں کہ وہ اس سے محفوظ رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی مالی مدد کرنے والوں کا بھی سراغ لگانا ہوگا اور افغانستان میں دہشت گردی کے مسئلے کو بھرپور انداز میں سفارتی سطح پر اجاگر کرنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا کو افغان حکومت کے کردار سے آگاہ کرنا ضروری ہے اور پاکستان کو اپنی خارجہ پالیسی مزید مؤثر بنانی ہوگی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عالمی برادری کو بھی اس مسئلے پر توجہ دینی چاہیے، کیونکہ دہشت گردی کی یہ آگ سات سمندر پار تک پہنچ سکتی ہے اگر اس پر بروقت قابو نہ پایا گیا۔ انہوں نے زور دیا کہ دہشت گردوں کی مالی معاونت کون کر رہا ہے، اس کی تحقیقات کی جائیں۔
انہوں نے پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔
Leave a Reply