کوئٹہ: سینئر سیاستدان اور جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنما حافظ حسین احمد 74برس کی عمر میں کوئٹہ میں انتقال کر گئے ۔
حافظ حسین احمد کے بیٹے حافظ زبیر احمد کے مطابق جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنما سابق سینیٹر و سابق رکن قومی اسمبلی حافظ حسین احمدعلالت کے باعث کوئٹہ میں انتقال کر گئے وہ گردوں کے عارضے میں مبتلا اور کوئٹہ کے شیخ زید ہسپتال میں زیر علاج تھے ۔
مرحوم حافظ منیر احمد، حافظ زبیر احمد ، حافظ ظفر احمد اور حافظ محمود احمد کے والد تھے ۔ حافظ حسین کا شمار پاکستان کی سینئر اور زیرک سیاسی شخصیات میں ہوتا تھا ۔ مرحوم حافظ حسین احمد1951میں پیدا ہوئے اور 1973میں سیاست میں متحرک ہوئے ۔
حافظ حسین احمد1988سے1990تک رکن قومی اسمبلی اور 1991سے 1994تک سینیٹ کے رکن رہے بعدازاں 2002میں ایک بار پھر قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور 2007تک رکن قومی اسمبلی رہے حافظ حسین احمد جامعہ مطلع العلوم کوئٹہ کے سربراہ تھے۔
حافظ حسین احمد کا شمار جمعیت علماء اسلام کی سینئر ترین قیادت میں ہوتا تھا وہ جمعیت علماء اسلام کے مرکزی نائب امیر، مرکزی سیکرٹری اطلاعات، ڈپٹی جنرل سیکرٹری ،ڈپٹی پارلیمانی لیڈر کے عہدوں پر فائض رہے ۔ حافظ حسین احمد کی نماز جنازہ کا اعلان آج کیا جائیگا جبکہ ان کی تدفین کوئٹہ میں کی جائیگی ۔
Leave a Reply