|

وقتِ اشاعت :   May 15 – 2016

انگلش پریمیئر لیگ کے آخری دن مانچسٹر یونائیٹڈ اور بورن متھ کے درمیان کھیلا جانے والا میچ سکیورٹی خدشات کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا ہے۔

یہ میچ مانچسٹر کے اولڈ ٹریفرڈ سٹیڈیم میں مقامی وقت کے مطابق شام تین بجے شروع ہونا تھا لیکن پہلے اس کے آغاز میں تاخیر کا اعلان کیا گیا اور پھر اسے منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ مانچسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ میچ کی منسوخی کا فیصلہ پولیس کے مشورے پر کیا گیا۔ میچ سے قبل وارم اپ کے لیے کھلاڑی پر پچ پر آ گئے تھے تاہم دو بج کر 40 منٹ پر ’آپریشن ریڈ کوڈ‘ الرٹ جاری ہونے کے بعد وہ بھی واپس چلے گئے۔ کھیل کے آغاز سے قبل ہی میدان میں ایک مشتبہ پیکٹ کی موجودگی کی اطلاعات پر سر ایلکس فرگوسن سٹینڈ اور سٹریٹفرڈ اینڈ سٹینڈ کو تماشائیوں سے خالی کروا لیا گیا تھا۔ تماشائیوں کی بحفاظت منتقلی کے بعد سٹیڈیم کی تلاشی کے لیے دھماکہ خیز مواد کی بو سونگھنے والے کتّے طلب کیے گئے۔ مشتبہ پیکٹ سٹیڈیم کے شمال مغربی کونے سے برآمد ہوا جس کے بعد سٹیڈیم میں موجود تماشائیوں سے کہا گیا کہ وہ اپنی نشستوں پر بیٹھے رہیں اور مذکورہ سٹینڈز میں موجود افراد کے باہر نکلنے کے لیے راستہ چھوڑ دیں۔ تاحال یہ بھی واضح نہیں کہ یہ میچ دوبارہ کھیلا جائے گا یا نہیں۔ رواں سیزن میں اس میچ سے قبل مانچسٹر یونائیٹڈ کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر 37 میچوں میں 63 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر تھی جبکہ بورن متھ کا درجہ 16واں ہے۔