|

وقتِ اشاعت :   April 9 – 2025

اینٹی کرپشن اسٹیبلشممنٹ بلوچستان نے محکمہ خوراک کوئٹہ میں گندم چوری، خردبرد اور مالی بے ضابطگی کے ایک سنگین کیس پر کارروائی کرتے ہوئے عبدالمتین، اللہ الدین اور اسلم شاہ کو گرفتار کر لیا۔ جبکہ دیگر ملوث افسران کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

یہ کارروائی ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ بلوچستان عبدالواحد کاکڑ کی ہدایات پر عمل میں لائی گئی ہے۔

اس کارروائی کا آغاز اس وقت ہوا جب اسٹیبلشمنٹ کمشنر سٹی عبداللہ اور اسسٹنٹ کمشنر صدر حمزہ انجم نے شکایت درج کرائی کہ مختلف ٹرکوں میں گندم کی بوریاں بغیر کسی قانونی دستاویزت کے مختلف فلور ملز اور اضلاع کو منتقل کی جا رہی ہے۔

ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ گندم کی یہ بوریاں محکمہ خوراک کے اسپینی روڈ اور وائٹ روڈ گوداموں سے لوڈ کی گئی تھی۔

جب ٹرک ڈرائیورز سے قانونی چالان اور دستاویزات طلب کی گئیں تو وہ کوئی ثبوت پیش نہ کر سکے، اس کے بعد متعلق افسران کو طلب کیا گیا۔

لیکن وہ بھی کوئی وضاحت یا قانونی دستاویز فراہم نہیں کر سکے۔

گودام کے ریکارڈ کی جانچ کے دوران انکشاف ہوا کہ گندم کی بوریاں بغیر اندراج کے نکالی گئیں اور اسٹاک مارکیٹ رجسٹر میں موجود مقدار اصل گنتی سے مختلف تھی۔

ریکارڈ کے مطابق 929، 31 بوریاں درج تھیں۔ جبکہ اصل 43975 بوریاں موجود تھیں جو کرپشن اور خرد برد کی واضح علامت ہے۔

تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ اسلم شاہ نے خرد برد کو چھپانے کے لیے ایک سبسڈائزڈ ریٹ پر محکمہ خوراک کے اکاؤنٹ میں رقم فلور ملز کے نام پرجمع کرائی تاکہ بدعنوانی کو قانونی شکل دی جا سکے۔

اس اقدام پر پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے بھی اعتراض کیے ہیں۔

ابتک کی تحقیقات کے مطابق گندم کی 2018 بوریاں چوری کی گئیں جس سے حکومت کو تقریبا 2 کروڑ 30 لاکھ روپے کا نقصان پہنچا۔

جو افسران اور اہلکار ملوث پائے گئے ان میں سلیمان کاکڑ ڈائریکٹر ایڈمن، ڈپٹی ڈائریکٹر کوئٹہ زون، اسلم شاہ اسسٹینٹ ڈائریکٹر، انچارج وائٹ روڈ گودام، اللہ الدین انچارج اسپینی روڈ گودام اور عبدالمتین انچارج اسپینی روڈ گودام اور سلیم سپروائزر، وائٹ روڈ گودام شامل ہیں۔

ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، اور تفتیشن جاری ہے، دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *