کوئٹہ : گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان کو وقتا فوقتاً مختلف بحرانوں سے نکالنے میں یہاں کے سیاسی اکابرین اور مذہبی علماء کرام کا بہت اہم کردار رہا ہے
جنہوں نے مسلسل سیاسی رحجانات کو فروغ دینے، صوبے کے حقوق و مفادات کیلئے مشترکہ تحریکیں چلانے ،سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے اور ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمنے کیلئے کامیاب سیاسی حل پیش کیے۔
آج ایک دفعہ پھر موجودہ کشیدہ صورتحال اور خطے میں رونما ہونے والے سیاسی و معاشی چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے بلوچستان کے مدبر سیاستدانوں اور جید علماء و مشائخ کی مدد و رہنمائی پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہے۔
وہ باہمی افہام و تفہیم اور ایک دوسرے کی مشکلات کو جان کر درپیش مسائل کو پائیدار حل کی جانب لے جا سکتے ہیں. یہ بات انہوں نے جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی مولانا غفور حیدری سے گورنر ہاوس کوئٹہ میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا.
اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ پورے خطے کی کشیدہ صورتحال کو مدنظر رکھ کر ہمیں فوری طور پر ملک اور صوبہ کے مفاد میں ٹھوس اقدامات اٹھانے ہونگے کیونکہ ہم مزید نفرتوں اور تنازعات کا متحمل نہیں ہو سکتے. گورنر بلوچستان نے کہا کہ وقت آپہنچا ہے کہ تمام ارباب اختیار کے ساتھ ساتھ سیاسی اکابرین، دینی علماء کرام اور مشائخ عظام کو عوام کے مفاد کی خاطر اپنا بھرپور کردار ادا کریں.
گورنر مندوخیل نے کہا کہ پشتون و بلوچ اقوام کی اپنی شاندار اقدار و روایات بھی ہیں. ماضی میں بھی ہم نے متعدد سیاسی اور قبائلی ایشوز اور تنازعات کو اپنے روایتی جرگہ نظام کے ذریعے پرامن طور حل کیے ہیں جو یہاں کی آباد اقوام کی بشردوستی، ترقی پسندی، اور سیاسی دانشمندی کو ظاہر کرتا ہے۔
Leave a Reply