|

وقتِ اشاعت :   April 11 – 2025

کراچی:  گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ دنیا بڑی تیزی سے اپنی سیاسی و معاشی کروٹیں بدل رہی ہے.

بدلتے ہوئے عالمی منظرنامہ کے پیش نظر آج پاکستان اور روس کے درمیان اقتصادی شراکت داری میں ایک اہم لمحہ ہے جو ہماری مشترکہ ترقی کیلئے ایک مضبوط اقتصادی بنیاد کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔

پاکستان اور روس کے باہمی تعاون سے پورے خطے میں امن، استحکام اور ترقی کو نئی بنیادیں فراہم کی جا سکتی ہیں. ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج روسی قونصل جنرل (Mr. Andrey Fedorov) کی جانب روسی قونصلیٹ کراچی میں گورنر بلوچستان کے اعزاز میں دینے والے ظہرانہ کے موقع پر کیا.

واضح رہے کہ کہ اگلے ہفتے گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان ہاشم خان غلزئی اور بلوچستان کی تین مختلف پبلک سیکٹر یونیورسٹیز: لسبیلہ یوبیورسٹی. یونیورسٹی آف بلوچستان اور لورالائی یونیورسٹی کے وائس چانسلرز صاحبان بھی ان کے ہمراہ ہوں گے اور مذکورہ یونیورسٹیز کے ساتھ مختلف مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے.

اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ روس براعظم یورپ کے ایک ترقی پذیر ملک سے لیکر عالمی سپر پاور بننے تک کی شاندار تاریخ رکھتا ہے۔ روس کے شاندار تجربات اور وسیع مہارتوں سے مستفید ہو کر ہم بلوچستان میں پائیدار ترقی اور پیشرفت کی نئی بنیادیں استوار کر سکتے ہیں.

انہوں نے کہا کہ بلوچستان اپنے منفرد محل وقوع، وسیع قدرتی وسائل اور قیمتی معدنیات کے اعتبار سے بہت اہمیت کا حامل صوبہ ہے.

ہائیر ایجوکیشن، منرلز ایگریکلچر اور لائیو سٹاک کے شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے ایک پرکشش مقام بناتا ہے.

تعمیر وترقی کے نئے مواقع پیدا کرنے سے ہم مقامی معیشتوں کو بھی متحرک کر سکتے ہیں.

گورنر مندوخیل نے کہا روس اپنے غیرمعمولی تجربہ کی بنیاد پر ہمیں اپنی روایتی دیہاتی زندگی سے ہربنائزشن اینڈ انڈسٹریلائزشن کی جانب گامزن کرنے میں بھرپور مدد و رہنمائی فراہم کر سکتا ہے جسکے نتیجے میں ہم مجموعی طور پر اپنے لوگوں کی زندگی کا معیار اونچا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ باہمی تعاون کو فروغ دیکر ہم ایسے ترقیاتی منصوبے شروع کر سکتے ہیں جو غربت اور بیروزگاری کو کم کریں اور اپنے نوجوانوں کیلئے جدید تکنیکی اور پیشہ ورانہ مہارتیں حاصل کرنے کے مواقع پیدا کر سکیں۔

بلوچستان میں درجنوں فنی و تکنیکی تعلیمی اداروں کے ساتھ، ہم ان اداروں کو مکمل طور پر فعال بنانے اور اپنے نوجوانوں کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے درکار جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے کیلئے روس کی تکنیکی مہارت سے فائدہ اٹھانے کے خواہشمند ہیں۔

گورنر مندوخیل نے کہا کہ جیسا کہ ہم اپنے اقتصادی اور تعلیمی تعلقات کو مضبوط کرتے ہیں، عوام سے عوام کے تعلقات کو گہرا کرنا بھی وقت کی اہم ضرورت ہے.

ہمیں یقین ہے کہ یہ شراکت داری پاکستان اور روس کے درمیان دوستی کے بندھن کو مضبوط کریگی اور آنے والی نسلوں کیلئے روشن مستقبل کو فروغ دیگی.

قبل ازیں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے روسی قونصل خانہ میں پرتپاک استقبال اور ان کے اعزاز میں ظہرانہ کا اہتمام کرنے پر رشین قونصل جنرل آندرے فیڈروف کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا.

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *