وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان پاکستان کا اہم صوبہ ہے، وہاں کے عوام کو جو منصوبے دیے جا رہے ہیں وہ ان کے دل کی آواز ہیں۔ خونی ٹریک جس نے ہزاروں جانوں کو نگلا، اب ہائی وے میں تبدیل کیا جا رہا ہے، اور این ایف سی ایوارڈ میں بلوچستان کا حصہ بھی دوگنا کر دیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں جناح اسکوائر مری روڈ انڈر پاس منصوبے کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے اسلام آباد میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو خوش آئند قرار دیا کہ اسلام آباد اب ترقی، خوبصورتی اور سہولتوں کا گہوارہ بننے جا رہا ہے۔ اسلام آباد میں توسیع و تزئین کے وسیع و عریض منصوبے جاری ہیں، اور ٹریفک کے بہاؤ میں نمایاں بہتری آ چکی ہے۔ شہر کے ہر کونے میں پھولوں کی بہار اس کے حسن کو دوبالا کر رہی ہے۔
انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کی خوبصورتی اور سہولت کے لیے جو اقدامات کیے جا رہے ہیں وہ قابلِ ستائش ہیں، یہ شہباز اسپیڈ ہے اور نہ محسن نقوی اسپیڈ ہے بلکہ یہ پاکستان اسپیڈ ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اجتماعی کاوشوں کے نتیجے میں اللہ تعالیٰ نے پاکستان کی ریٹنگ کو بہتر کردیا ہے اور انٹرنیشنل ایجنسی فِچ نے پاکستان کے آؤٹ لک کو ٹرپل سی کو بی مائنس میں بدل دیا ہے اور آؤٹ لک کو مستحکم قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اجتماعی کاوشیں اور ٹیم ورک ہے جس کے نتیجے میں اللہ تعالیٰ نے پاکستان کی معیشت کو استحکام بخشا ہے، اب ہم انشاءاللہ ترقی اور خوشحالی کے سفر پر چل نکلے ہیں۔ جس طرح بھرپور قوت، اعتماد اور قوت ارادی کے ساتھ ٹیم پاکستان نے مشکلات کا سامنا کیا، ترقی کا سفر بھی ہم اسی طرح طے کریں گے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس منصوبے کو مقررہ مدت سے پہلے مکمل کرنے کا عزم رکھتے ہیں اور وزیراعظم سے اس انڈر پاس کا افتتاح 60 دن کے بجائے 35 دن بعد کروائیں گے۔ اسلام آباد کے چوک پوائنٹ فیصل مسجد چوک پر بھی ٹریفک کے مسائل کے حل کے لیے کام شروع کر دیا گیا ہے جبکہ بلیو ایریا کے پارکنگ پلازہ کو بھی فعال بنایا جا رہا ہے۔
Leave a Reply