|

وقتِ اشاعت :   7 hours پہلے

بھارتی فضائیہ کے 4 رافیل طیاروں کی مقبوضہ جموں و کشمیر میں گزشتہ رات پیٹرولنگ کا انکشاف ہوا ہے۔

بھارت کے رافیل طیاروں نے 29 اور 30 اپریل کی شب مقبوضہ جموں وکشمیر میں پیٹرولنگ کی، پاکستان ایئرفورس کے طیاروں نے بھارتی ایئرفورس کےجنگی طیاروں کی فوراً نشاندہی کرلی۔

پاک فضائیہ کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں بھارتی رافیل طیارے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر فرار ہوگئے۔

اس سے قبل وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہا تھا کہ قابل اعتماد انٹیلی جنس رپورٹس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت گزشتہ ہفتے مقبوضہ کشمیر میں پہلگام حملے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے بعد اگلے 24 سے 36 گھنٹوں میں پاکستان کے خلاف فوجی کارروائی کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔

منگل کو بھارت نے پہلگام حملے کا جواب دینے کے لیے اپنی فوج کو آپریشنل آزادی دی تھی، اس پیش رفت کے کچھ گھنٹوں بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان کے پاس قابل اعتماد انٹیلی جنس ہے کہ ہندوستان اگلے 24-36 گھنٹوں میں پہلگام واقعے میں ملوث ہونے کے بے بنیاد اور من گھڑت الزامات کے بہانے پاکستان کے خلاف فوجی کارروائی کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان، بھارت کا خطے میں مدعی، منصف اور جلاد کا خود ساختہ کردار سختی سے مسترد کرتا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت نے 22 اپریل مقبوضہ کشمیر کے مسلم اکثریتی علاقے پہلگام میں 26 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد سندھ طاس معاہدہ فوری طور پر معطل کرنے اور اس حملے کا واضح اور بھرپور جواب دینے کا اعلان کیا تھا۔

بھارت نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کو جواز بناتے ہوئے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کے علاوہ پاکستانی شہریوں کو 48 گھنٹے میں بھارت چھوڑنے کا حکم دیا تھا جبکہ واہگہ بارڈرکی بندش اور اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن میں تعینات اپنے ملٹری اتاشی کو وطن واپس بلانے کے علاوہ پاکستان میں تعینات سفارتی عملے کی تعداد میں بھی کمی کردی تھی۔

بھارتی اشتعال انگیزی کے خلاف منعقدہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد پاکستان نے شملہ سمیت تمام دوطرفہ معاہدوں کی معطلی کا عندیہ دیتے ہوئے بھارت کے لیے فضائی حدود، سرحدی آمد و رفت اور ہر قسم کی تجارت بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

سلامتی کمیٹی نے جوابی اقدام کے طور پر بھارتی ہائی کمیشن میں سفارتی عملے کو 30 ارکان تک محدود کرنے کے علاوہ بھارتی دفاعی، بحری اور فضائی مشیروں کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر پاکستان چھوڑنے کا حکم دیا تھا جبکہ سکھ یاتریوں کے علاوہ تمام بھارتی شہریوں کے ویزے منسوخ کرکے انہیں 48 گھنٹے میں ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *