اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات ونشریات عطاء اللہ تارڑ نے بھارت پر ایک بارپھر واضح کیا ہے کہ ایسا جواب دیں گے کہ مائیں بچوں کو ڈرائیں گی کہ پاکستان آیا ہے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ 1965 کی جنگ ہوئی، تو اپوزیشن لیڈر کے دادا جنرل ایوب خان نے کہا تھا کہ دشمن نہیں جانتا کہ اس نے کس قوم کو للکارا ہے، میں آج کسی لیڈر کو برا یا اپنے لیڈر کو اچھا نہیں کہوں گا،
آج صرف پاکستان کی بات ہوگی، میں نہیں چاہتا کہ اس ایوان سے وہ کلپ بھارتی میڈیا کو ملیں جس میں وہ ہمیں لڑتے ہوئے دکھائیں۔عطااللہ تارڑ نے کہا کہ عمران خان بھی اتنا ہی اچھا ہے،
جتنے دوسرے سیاسی لیڈر اچھے ہیں، ہم آپس میں بعد میں لڑلیں گے، یہ وقت ایک آواز ہونے کا ہے،
دشمن مکار بھی ہے، بدنیت بھی ہے، اور بیوقوف بھی ہے،
جس نے پہلگام جیسی جگہ فالس فلیگ آپریشن کا انتخاب کیا،
جو پاکستانی سرحد سے سیکڑون کلو میٹر دور ہے،
اگر پاکستان سے دہشتگرد جاکر آپ کے علاقے میں حملہ کرر ہے تھے تو میں پوچھتا ہوں کیا آپ کی 9 لاکھ غاصب اور قابض فوج کیا جھک مار رہی تھی؟،
قابض بھارتی فوج نے کشمیریوں پر مظالم ڈھانے کے سوا کچھ اور نہیں کیا۔
عطااللہ تارڑ نے کہا کہ آج بھی جب کوئی کشمیری شہید ہوتا ہے،
تو کیوں مائیں انہیں پاکستان کے پرچم میں دفن کرتی ہیں، یہ کیا جذبہ ہے؟،
یہ جذبہ ’پاکستان کا مطلب کیا، لاالہ الااللہ‘ کے نعرے کی وجہ سے ہے،
ادھر مقبوضہ کشمیر میں آج بھی نعرے لگتے ہیں کہ پاکستان سے رشتہ کیا، لاالہ الااللہ۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پہلگام واقعے کے 10 منٹ بعد درج کیے گئے مقدمے میں لکھا گیا کہ سرحد پار بیٹھے آقاؤں کی ایما پر یہ حملہ کیا گیاا،
حالاں کہ پولیس وہاں ڈیڑھ گھنٹے بعد پہنچی تھی، لیکن مقدمہ 10 منٹ میں درج کرلیا گیا،
بھارتی فورسز نے منصوبہ بندی کے تحت وہاں کسی کو پہنچنے نہیں دیا،
ان کا خیال تھا کہ فالس فلیگ آپریشن کامیاب ہوگا۔عطا اللہ تارڑ نے راحت اندوری کا شعر پڑھا کہ سرحد پر تناؤ ہے کیا؟ پتا کرو چناؤ ہے کیا؟ انہوں نے بھارتی ریاست بہار میں ہونے والے انتخابات کا حوالہ بھی دیا،
اور کہا کہ ان کا خیال تھا کہ کامیاب فالس فلیگ ا?پریشن کریں گے، کہا گیا کہ صرف ہندوؤں کو نشانہ بنایا گیا، جب کہ یہ بالکل جھوٹ ہے،
کیوں کہ اس حملے میں ایک مسلمان بھی شہید ہوا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے سفارتی محاذ پر بھارت کو جو مار ماری ہے، وہ بھارت کی نسلیں یاد رکھیں گی، الجزیرہ، سی این این سمیت پورا عالمی میڈیا کہہ رہا ہے کہ پہلگام واقعے کے پاکستان کے خلاف کوئی شواہد نہیں ہیں، بھارت بلا اشتعال الزام تراشی کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے عالمی فورمز اور عالمی میڈیا میں واضح مؤقف اپنایا ہے کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا، ہم نے یہ مسئلہ سلامتی کونسل میں اٹھایا، اور عزم کیا ہے کہ ہم مرتے دم تک کشمیریوں کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے،
اگر اس مکار دشمن کا یہ خیال ہے کہ اس طرح کے واقعات سے عالمی برادری کی توجہ کشمیر سے ہٹالے گا تو یہ اس کی خام خیالی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف ہم نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، ہم نے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا، اور ہم پر ہی الزام تراشی کی جائے، یہ ناقابل برداشت ہے، بھارت پوری دنیا میں دہشتگردی کرواتی ہے، کینیڈا اور امریکا میں سکھ رہنماؤں پر حملے کروانے میں بھارت ملوث رہا، یہ باتیں پوری دنیا جانتی ہے، کلبھوشن ہماری قید میں ہے،
یہ بھارت کیخلاف ناقابل تردید ثبوت ہے۔عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ جعفر ایکسپریس پر حملے کے بعد بھارتی نیوز چینلز نے جن دہشتگردووں کو ایئر ٹائم دیا، ان میں ہمت تھی تو چہرے سے ماسک ہٹاکر ٹی وی پر بیٹھتے،
انہوں نے سوال اٹھایا کہ جعفر ایکسپریس پر حملے کے بعد پٹڑی اکھاڑنے کی پہلی فوٹیج بھارتی نیوز چینلز پر چلائی گئی، یہ ثبوت ہے کہ بھارتی ریاست کالعدم بی ایل اے کی سرپرستی میں ملوث ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے ایسے بچے ملے جو کہتے ہیں،
بھارتی فوج کو آنے تو دیں، ہم انہیں دھول چٹادیں گے، جس قوم کے بچوں اور ماؤں کا یہ جذبہ ہو، انہیں بھارت للکارے گا؟ ہم نے دہشتگردی کیخلاف شہادتیں دیں، پاکستان کے سیاستدانوں، فوجیوں، سیکیورٹی اداروں، پولیس سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت کوئی طبقہ ایسا نہیں جس نے دہشتگردی کیخلاف قربانی نہ دی ہو،
آج سیاستدانوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔عطااللہ تارڑ نے کہا کہ ہم نے جو ترپ کا پتہ کھیلا کہ آؤ عالمی سطح کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کروالو، اب بھارت پھنس چکا ہے، گجرات کا قصائی پریشان ہے، میں بتادینا چاہتا ہوں کہ اب کی بار بھارت نے جارحیت کی کوشش کی تو وہ حشر کریں گے کہ تمہاری نسلیں یاد رکھیں گی، ہماری پوری قوم یکجا اور متحد ہے،
کل پورے عالمی میڈیا نے ایل او سی کا دورہ کیا اور دشمن کے پروپیگنڈے کو بے نقاب کیا، انفارمیشن وار میں بھی ہم لڑ رہے ہیں، بھارتی یوٹیوب چینلز پر ہم نے پاک فوج کے نغمے والے ترانے چلوائے،
انہیں ہر میدان میں ہم دھول چٹائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کا خیال تھا کہ پاکستان پر دباؤ ڈالیں گے،
لیکن جب ہم نے عالمی تحقیقات کی پیشکش کی تو ان کی ٹانگیں کانپ گئیں،
میں واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ ہماری مسلح افواج تیار ہیں اگر بھارت نے کسی قسم کی کوشش کی تو ایسا سبق دیں گے کہ بھارتی مائیں بچوں کو لوریوں میں ڈرائیں گی کہ بیٹا سوجاؤ، پاکستانی فوج آجائے گی۔
Leave a Reply