|

وقتِ اشاعت :   18 hours پہلے

کوہلو : رکن صوبائی اسمبلی مری قبیلے کے سربراہ نواب جنگیز خان مری نے بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے معصوم شہریوں کی شہادت پر اظہار افسوس اور پاک فوج کے بروقت اور موثر ردعمل کو خراج تحسین پیش کی ہے اور اپنے ایک بیان میں بھارت کی جانب سے پاکستان پر حملے،

مساجد اور شہری آبادی کو نشانہ بنانے اور معصوم شہریوں کی شہادت کی میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے رات کے اندھیرے میں بزدلانہ انداز میں اشتعال انگیزی کرتے ہوئے نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے بلکہ انسانی حقوق کو بھی پامال کیا۔ انہوں نے کہا کہ مساجد اور رہائشی علاقوں پر حملے کسی بھی طور قابل قبول نہیں ہیں یہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کیا گیا حملہ تھا جس کا مقصد نہ صرف بے گناہ جانوں کا ضیاع تھا بلکہ پاکستان کو اشتعال دلانا بھی تھا۔

انہوں نے اس واقعے میں شہید ہونے والے معصوم شہریوں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم ان قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

نواب جنگیز مری نے پاک فضائیہ اور پاک فوج کی جانب سے فوری، بھرپور اور مثر جوابی کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کے طیاروں کو مار گرانا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو یہ پیغام دینا ضروری تھا کہ پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت پر آنچ آنے کی صورت میں پوری قوم اور فوج متحد ہو کر دشمن کو ناکام بنائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کی عوام، خصوصا مری قبیلہ، پاک فوج کے ساتھ ہر محاذ پر کھڑا ہے۔

“ہماری سرزمین کے دفاع کے لیے ہم ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔

دشمن نے اگر دوبارہ کوئی حرکت کی تو اسے بھرپور جواب ملے گا،” نواب مری نے واضح کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا کہ بھارت کی جانب سے خطے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کا سخت نوٹس لیا جائے اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں۔

نواب جنگیز مری نے قوم سے اتحاد، صبر اور افواج پاکستان پر مکمل اعتماد رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک مضبوط ملک ہے اور دشمن کی کوئی چال کامیاب نہیں ہوگی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *