|

وقتِ اشاعت :   May 19 – 2016

کوئٹہ:  وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ ان کی خواہش اور کوشش ہے کہ کوئٹہ کو ملک کا صاف اور خوبصورت ترین شہر بنایا جائے اس مقصد کے لیے حکومت وسائل کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے متعلقہ ادارے ان وسائل کے بہترین مصرف کے ذریعے شہر میں جاری صفائی کی خصوصی مہم کی کامیابی کو یقینی بنائیں اور شہر کی خوبصورتی کے لیے موثر اقدامات کئے جائیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ شہر میں جاری خصوصی صفائی مہم کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کے دوران کیا، صوبائی وزیر ریونیو شیخ جعفر خان مندوخیل بھی اس موقع پر موجود تھے، جبکہ سیکریٹری لوکل گورنمنٹ حافظ عبدالماجد اور کمشنر کوئٹہ ڈویژن قمبر دشتی نے وزیراعلیٰ کو صفائی مہم کی تفصیلات سے آگاہ کیا، انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ کی جانب سے فرا ہم کردہ 5کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ سے شہر کے مختلف علاقوں سے 25ہزار ٹن کچرہ ٹھکانے لگایا گیا ہے، جبکہ مزید تقریباًایک لاکھ ٹن کچرہ ٹھکانے لگانے کے لیے مزید فنڈز کی ضرورت ہے ، انہوں نے بتایا کہ ایک اندازے کے مطابق شہر میں روزانہ تقریباً12سو ٹن کچرہ جمع ہوتا ہے، اس کچرہ کو روزانہ کی بنیاد پر ٹھکانے لگانے کے لیے متعلقہ محکمہ کی استعداد کار میں اضافے کی ضرورت ہے، کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن صفائی کی مشینوں کی خریداری کے عمل میں ہے، جس سے کچرہ کو ٹھکانے لگانے میں مدد ملے گی، جبکہ کوئٹہ کے گردو نواح کے علاقوں کی صفائی کے لیے ڈسٹرکٹ کونسل کو جدید مشینوں کی فراہمی کی ضرورت ہے، وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ہدایت کی کہ اس حوالے سے پی سی ون بنا کر پیش کیا جائے ، شہر کی خوبصورتی کے حوالے سے بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت کی روشنی میں آئندہ ایک ہفتہ کے اندر ٹریفک سگنلز بحال کر دئیے جائیں گے، شہر کے مختلف علاقوں میں اسٹریٹ لائٹس کی بحالی کا کام بھی جاری ہے بروری روڈ، بی ایم سی چوک اور کمشنر آفس کے سامنے چوہراہوں کی تزئین و آرائش بھی جلد مکمل کر لی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے صفائی مہم اور شہر کی خوبصورتی کے جاری اقدامات کو قابل اطمینان قراردیا اور ہدایت کی کہ اس عمل کو مزید تیز رفتاری کے ساتھ آگے بڑھایا جائے تاکہ لوگوں کو ایک خوشگوار تبدیلی کا احساس ہو۔