کابل : افغان صدر اشرف غنی سہ ملکی سربراہ کانفرنس میں شرکت کیلئے 22مئی کو تہران جارہے ہیں جہاں پرایران بھارت اور افغانستان سہ فریقی مذاکرات میں حصہ لیں گے، واضح رہے کہ بھارت کے وزیراعظم بھی اسی دن تہران کے دوروزہ دورہ پر پہنچ رہے ہیں، ارنا نیوز ایجنسی کے مطابق کابل میں ایران کے ایک اہم سفارتکار نے نام نہ بتانے کی شرط پر اس بات کی تصدیق کی کہ افغان صدر اشرف غنی بھی 22مئی کو تہران پہنچ رہے ہیں، بھارت کے وزیراعظم کا دو روزہ ایران کا دورہ طے تھا اور اس کا باضابطہ اعلان کیاگیا ہے کہ نریندر مودی 22مئی کو تہران پہنچ رہے ہیں، افغان صدر کا 20ماہ کے دوران ان کا ایران کا یہ دوسرا دورہ ہوگا، جس میں وہ کئی ایک معاہدوں پرسہ فریقی مذاکرات کے بعد دستخط کریں گے، گزشتہ دورے کے دوران افغان صدر علاقائی تعاون کے معاہدے پر دستخط کئے تھے، جس کا مقصد افغانستان ، بھارت ازبکستان ، ترکمانستان اور تاجکستان نے یہ فیصلہ کیا تھا کہ راہداری اور تجارت کیلئے یہ ممالک چاہ بہار کی ایرانی بندرگاہ کو استعمال کرے اور ایران ان تمام ممالک کو ضروری سہولیات دے گا، چاہ بہار کے علاوہ تینوں ممالک تجارت بنیادی ڈھانچہ توانائی اور سیکورٹی کے معاملات پر تبادلہ خیال کریں گے اور ان معاملات میں ایک دوسرے سے تعاون بھی کریں گے، بھارت نے پہلے ہی یہ اعلان کیاتھا کہ وہ چاہ بہار پورٹ کی ترقی پر 78کروڑ ڈالر خرچ کرے گا، اس کے علاوہ چاہ بہار سے زاہدان تک ریلوے لائن بھی تعمیر کر رہا ہے