بلوچستان میں صحت اور تعلیم جیسے اہم اداروں پر توجہ دینا بہت ضروری ہے چونکہ دونوں شعبوں کی بہتری سے عوام براہ راست مستفید ہوتے ہیں۔
انسانی وسائل پر رقم خرچ کرنے کا مقصد ایک باشعور طبقہ پیدا کرنے کے ساتھ صوبے کے نوجوانوں کو ہر میدان میں قابل اور لائق بنانا ہے جو تعلیم کے بغیر ممکن نہیں۔
موجودہ صوبائی حکومت خاص کر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے ذاتی کاوشوں اور محنت سے بلوچستان میں واضح اور نمایاں مثبت تبدیلیاں دیکھنے کو مل رہی ہیں۔
تعلیم اور صحت کے شعبے میں نہ صرف اصلاحات لائی جارہی ہیں بلکہ ان کی بہتری کیلئے اہم منصوبے بھی دیئے جارہے ہیں جس سے بلوچستان کے نوجوانوں کامستقبل شاندار بنے گا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے گزشتہ دنوں بولان میڈیکل کمپلیکس کالج کوئٹہ کا دورہ کیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کالج میں کئی اہم منصوبوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔
وزیر اعلیٰ نے طلباء وطالبات کے ہاسٹلز کی تزئین و آرائش، فٹبال گراؤنڈ ، طلباء کی کالج میں انٹری سے متعلق بائیو میٹرک نظام کا افتتاح کیا۔
وزیر اعلیٰ نے کالج کی نئی لائبریری کا سنگ بنیاد رکھا اور زیر تعمیر کرکٹ گراؤنڈ کا معائنہ کیا اور کالج کی لیبارٹری ، آڈیٹوریم ، پارک ، کنٹرول روم اور کیفٹیریا کا بھی معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ادارے نے بہترین ڈاکٹر پیدا کئے ہیں۔
صوبائی حکومت تمام شعبوں میں امور کی بطریق احسن روانی کو یقینی بنا رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ طلباء اور فیکلٹی ممبران کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے۔ جب ہم شفافیت کو چھوڑ کر پسند نا پسند کی بنیاد پر فیصلے کرتے ہیں تو امور کی بہتر انجام دہی متاثر ہوتی ہے۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ جب سے حکومت سنبھالی ہے اس وقت سے صحت اور طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کالج کی بہترین تزئین و آرائش پر صوبائی وزیر صحت اور تمام متعلقہ اداروں کی تعریف کی جبکہ وزیر اعلیٰ نے پرنسپل بی ایم سی کالج کو آئندہ بھی مکمل مالی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
بہرحال صحت جیسے اہم شعبے کیلئے بہترین منصوبوں سے ہمارے نوجوان بھرپور فائدہ اٹھائینگے، بی ایم سی نے بہترین ڈاکٹر پیدا کئے ہیں جو آج صوبے میں اپنی خدمات پیش کررہے ہیں یہی ڈاکٹر بیرون ممالک جاکر مزید اپنی تعلیم کو جاری رکھتے ہوئے بہترین سرجن بنیں گے جو صوبے کے عوام کی خدمت کرینگے۔
سرکاری سطح پر اسپتالوں کی بہتری بھی ضروری ہے جن میں مختلف موذی امراض کا علاج بھی ممکن ہوسکے جس طرح دیگر صوبوں کے بڑے سرکاری اسپتالوں میں علاج معالجے سمیت تمام تر سہولیات موجود ہیں۔ امید ہے کہ مستقبل میں بلوچستان میں سرکاری اسپتالوں میں بہتری آئے گی جس سے عوام مستفید ہونگے۔
بی ایم سی میں اسٹوڈنٹس کیلئے کھیل، لائبریری سمیت دیگر سہولیات کیلئے اقدامات قابل تعریف ہیں۔
بلوچستان حکومت کا بولان میڈیکل کمپلیکس کالج کیلئے اہم منصوبے، قابل ستائش اقدام!

وقتِ اشاعت : 11 hours پہلے
Leave a Reply