اسلام آباد: مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ میزائل تجربات پاکستان کی سلامتی کے لئے واضح خطرہ اور بھارت کی غیر ذمہ داری کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
چیرمین رضا ربانی کی زیرصدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا جس میں اظہار خیال کرتے ہوئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ بھارت بحر ہند کے علاقے میں ایٹمی ہتھیاروں کی دوڑ شروع کررہا ہے اور اس نے نیو کلیئر سب میرین کا بھی تجربہ کیا جب کہ حالیہ بھارتی میزائل تجربات پاکستان کی سلامتی کےلئے واضح خطرہ ہیں۔ مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایسے تجربات بھارت کی غیر ذمہ داری کا منہ بولتا ثبوت ہیں، پاکستان کو ان تجربات پر ناصرف تشویش ہے بلکہ اس سے خطے میں طاقت کا توازن بھی بگڑ رہا ہے۔
سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی سرحدوں کی حفاظت سے بخوبی واقف ہے اور اپنی دفاعی ضروریات سے بھی مکمل طور پر آگاہ ہے، پاکستان ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل ہوئے بغیر اپنی دفاعی صلاحیت میں اضافہ کرتا رہے گا۔ ان کا کہنا تھاکہ ہم نے بھارت کو ایٹمی ہتھیاروں کے حوالے سے مذاکرات کی دعوت دی لیکن بھارت نے پاکستان کی دعوت کا مثبت جواب نہیں دیا، اب رواں سال ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ایک قرار داد پیش کریں گے جس میں بحرہ ہند کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک قرار دینے کا مطالبہ بھی پیش کیا جائےگا۔
بھارتی میزائل تجربات پاکستان کی سلامتی کے لئے واضح خطرہ ہیں، مشیر خارجہ
وقتِ اشاعت : May 19 – 2016