|

وقتِ اشاعت :   May 20 – 2016

پشاور: صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں 3 مبینہ خودکش حملہ آور خودکش جیکٹ کے دھماکے میں ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار 3 مبینہ خودکش حملہ آور اپنے ہدف کی جانب جارہے تھے کہ اسی دوران پشاور کے علاقے ریگی لالما میں، دہشت گردوں میں سے ایک کے پاس موجود خودکش جیکٹ پھٹ گئی، جس کے نتیجے میں تینوں مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) کینٹ کاشف ذوالفقار کا کہنا تھا کہ دو موٹر سائیکل سوار، خودکش حملہ آور کو پشاور میں ہدف کی طرف لے جارہے تھے کہ اس دوران خودکش جیکٹ پھٹ گئی، جس کے نتیجے میں تینوں موٹر سائیکل سوار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ دو روز قبل پشاور کے نواحی علاقے متھرا میں بھی یکے بعد دیگرے سڑک کنارے نصب 2 ریموٹ کنٹرول بم دھماکوں میں ایک پولیس اہلکار ہلاک، جبکہ پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے 11 اہلکاروں سمیت 17 افراد زخمی ہوگئے تھے۔