|

وقتِ اشاعت :   May 21 – 2016

کراچی: عائشہ منزل کے قریب فائرنگ سے ٹریفک پولیس کے 2 اہلکار جاں بحق ہو گئے۔ کراچی کے علاقے عائشہ منزل کے قریب ٹریفک پولیس ڈیوٹی پر مامور تھے کہ موٹر سائیکلوں پر سوار نامعلوم حملہ آوروں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دونوں اہلکار شدید زخمی ہو گئے، زخمی اہلکاروں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ دونوں راستے میں ہی دم توڑ گئے، فائرنگ کے واقعہ میں جاں بحق ہونے والے اہلکاروں کی شناخت اکرم اور شکیل کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ڈی آئی جی ویسٹ فیروز شاہ نے دونوں پولیس اہلکاروں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حملہ آوروں نے پولیس اہلکاروں کے سر اور سینے پر فائرنگ کی۔ ان کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں کا تعلق اسی گروہ سے معلوم ہوتا ہے جنھوں نے کچھ عرصہ قبل اورنگی ٹاؤن میں 7 پولیس اہلکاروں کو بھی نشانہ بنایا تھا، حملہ آوروں کا گروپ ہر 2 سے 3 ہفتے بعد کارروائی کرنے کے بعد روپوش ہو جاتا ہے لیکن ملک بھر کے حساس ادارے ان کا کھوج لگا رہے ہیں اور جلد ہی انھیں پکڑ لیا جائے گا۔ دوسری جانب ایکسپریس نیوز نے عائشہ منزل پر ٹریفک پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی سی سی ٹی وی وڈیو بھی حاصل کرلی ہے۔ جبکہ پولیس کمانڈوز نے واٹر پمپ کے قریب ایک اپارٹمنٹ کا گھیراؤ کرکے اندر اور باہر جانے والے تمام راستے سیل کردیئے ہیں اور کسی شخص کو باہر جانے کی اجازت نہیں دی جارہی جبکہ آپریشن کے دوران 4 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اپارٹمنٹ کا گھیراؤ حساس اداروں کی نشاندہی پر کیا گیا ہے۔