صدر مملکت آصف علی زرداری نے چینگڈو میں دوسرے گولڈن پانڈا ایوارڈز انٹرنیشنل کلچر فورم سے خطاب کرتے ہوئے لوگوں کو متحد کرنے اور تہذیبوں کو جوڑنے میں فن اور ثقافت کی طاقت کو اجاگر کیا ہے۔
دوسرے گولڈن پانڈا ایوارڈز انٹرنیشنل کلچر فورم میں چین کے سینئر رہنمائوں، ثقافتی نمائندوں، فنکاروں اور بین الاقوامی مندوبین نے شرکت کی۔
ہفتے کو ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے ایوارڈ جیتنے والوں کو مبارکباد دی اور ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی فنکارانہ کوششیں سرحدوں کو عبور کرتی ہیں اور مشترکہ انسانی اقدار کے ذریعے لوگوں کو اکٹھا کرتی ہیں۔
انہوں نے صوبہ سیچوان کی حکومت، چائنا فیڈریشن آف لٹریری اینڈ آرٹ سرکلز اور فورم کی میزبانی کرنے پر منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے دوسرے گولڈن پانڈا ایوارڈز انٹرنیشنل کلچر فورم کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد بھی دی۔
صدرمملکت آصف علی زرداری نے ’تہذیب کے تبادلے اور باہمی سیکھنے‘ کے چین کے وژن کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کو اجاگر کرتے ہوئے گلوبل ڈیولپمنٹ انیشیٹو (جی ڈی آئی)، گلوبل سیکیورٹی انیشیٹو (جی ایس آئی) اور گلوبل گورننس انیشیٹو (جی جی آئی) کی اہمیت کا ذکر کیا جن کی توجہ پائیدار ترقی، علاقائی استحکام اور مزید بین الاقوامی تعاون پر مرکوز ہے۔
انہوں نے گلوبل گورننس انیشیٹو کی اہمیت پر زور دیا جو تہذیبوں کے تنوع، ثقافتوں کے درمیان مساوات، عوامی تبادلے اور ثقافتی مکالمے کو ’تہذیبوں کے تصادم‘ کے بیانیے کے انسداد کے طور پر فروغ دیتا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور چین کی پائیدار دوستی باہمی احترام اور تعاون پر کھڑی ہے، دونوں ممالک آئندہ سال سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ منانے کی تیاری کر رہے ہیں۔
انہوں نے یاد دلایا کہ یہ شراکت داری نہ صرف اسٹریٹجک ہے بلکہ لوگوں کے درمیان دوستی کے گہرے رشتوں کا زندہ ثبوت بھی ہے، انہوں نے ثقافتی تبادلوں کو وسعت دینے، تخلیقی صنعتوں کو مضبوط بنانے اور افہام و تفہیم اور رواداری کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے چین اور دیگر ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پاکستان کی آمادگی کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ثقافت امن، خوشحالی اور انسانیت کے مشترکہ مستقبل کے لیے ایک اہم پل ہے، صدر مملکت نے کہا کہ دنیا ڈرامائی تبدیلیوں سے گزر رہی ہے، انہوں نے صدر شی جن پنگ کی قیادت میں چین کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تصادم کے بجائے تعاون اور جیت کے حل کی پیشکش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اس بات سے بے حد متاثر ہوئے ہیں کہ یہ اقدامات کس طرح انسانیت کی مشترکہ اقدار کی خدمت کرتے ہیں۔
قبل ازیں صدر مملکت آصف علی زرداری سے چین کے شہر چنگدو میں ممبر پولیٹیکل بیورو اور وزیر پبلسٹی ڈپارٹمنٹ لی شو لی نے ملاقات کی ہے، اس ملاقات میں دو طرفہ کثیرالہجتی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔
چینی وزیر نے صدر آصف زرداری کے فروری کے دورہ چین اور حال ہی میں چائنا ڈیلی میں شائع ہونے والے مضمون کی تعریف کی۔
چینی وزیر نے کہا کہ صدر زرداری اور صدر شی جن پنگ نے پاکستان، چین تعلقات میں قیادت فراہم کی اور دونوں ممالک ہمیشہ مضبوط بھائی رہیں گے، دنیا کو آج کتابوں کی خوشبو کی ضرورت ہے بارود کی نہیں، پاکستان چین دوستی آئندہ برسوں میں مزید فروغ پائے گی۔