انڈین پریمیئر لیگ کے فائنل میں سن رائزر حیدرآباد نے ایک دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے کے بعد رائل چیلنجرز بنگلور کو آٹھ رنز سے شکست دے دی ہے۔
بنگلورو کے چنّاسوامی سٹیڈیم میں سن رائزر حیدرآباد کی جانب سے دیے گئے 209 رنز کے ہدف کے تعاقب میں رائل چیلنجرز بنگلور کی ٹیم ایک بہترین آغاز کے باوجود مقررہ 20 اووروں میں سات وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز ہی بنا سکی۔ سن رائزر حیدرآباد کے بین کٹنگ کو صرف 15 گیندوں پر 39 رنز کی اننگز کھیلنے اور بعد میں 35 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے سن رائزر نے سات وکٹوں کے نقصان پر 208 رنز بنائے تھے۔ رائل چیلنجر بنگلور نے 209 رنز کے جواب میں اپنی اننگز کا آغاز کیا تو وراٹ کوہلی اور کرس گیل نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 114 رنز بنائے جس کے بعد ایسا لگ رہا تھا کہ رائل چیلنجرز کی ٹیم یہ فائنل آسانی کے ساتھ جیت جائے گی۔ لیکن بین کٹنگ کی گیند پر کرس گیل کے آؤٹ ہوتے ہی رائل چیلنجرز بنگلور کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔ کرس گیل 76 اور وراٹ کوہلی 54 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا اور ان فارم بلے باز اے بی ڈیویلیئرز بھی صرف پانچ رنز کی اننگز ہی کھیل سکے۔
سن رائزر حیدرآبار کی جانب سے بین کٹنگ دو وکٹیں حاصل کر کے کامیاب بولر رہے۔
ٹاس جیت کر سن رائزر حیدر آباد نے پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو ڈیوڈ وارنر اور شیکھر دھون نے ابتدائی چھ اووروں میں 60 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔
وارنر نے صرف 38 گیندوں پر 69 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی، جب کہ شیکھر دھون 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سن رائزر کے دوسرے نمایاں سکورر یوراج سنگھ (38) تھے، تاہم سکور کو 200 سے اوپر لے جانے میں نمایاں کردار بین کٹنگ نے صرف 15 گیندوں پر 39 رنز بنا کر کیا۔
رائل چیلنجرز کی جانب سے کرس جورڈن نے تین جب کہ اروند نے دو وکٹیں حاصل کیں۔