لندن: وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید اور وزیراعظم کی صاحبزادی نے تصدیق کی ہے کہ وزیراعظم نوازشریف کی لندن کے مقامی اسپتال میں دل کی کامیاب سرجری مکمل ہوگئی۔
وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ قوم کی دعاؤں سے وزیراعظم کے دل کی کامیاب سرجری ہوئی اور کم و بیش 2 گھنٹے تک جاری رہنے والے آپریشن کے بعد ڈاکٹروں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعائیں کریں۔ لندن کے مقامی اسپتال میں وزیراعظم نوازشریف کی اوپن ہارٹ سرجری کے موقع پران کے صاحبزادے حسن اور حسین نواز، بھائی شہبازشریف، بھتیجے حمزہ شہباز سمیت خاندان کے دیگر افراد اسپتال میں موجود ہیں۔
وزیراعظم نوازشریف کو ایک ہفتے اسپتال میں قیام کرنا ہوگا جب کہ ڈاکٹروں کی اجازت کے بعد ہی وزیراعظم وطن واپسی کے لیے سفر کرسکیں گے۔ ڈاکٹروں نے آپریشن سے قبل وزیراعظم کے کئی ٹیسٹ لیے اور اطمینان کے بعد آپریشن کی تیاریاں مکمل کیں جب کہ وزیراعظم نے آپریشن سے پہلے اپنی والدہ کو فون کیا اورانہیں اپنی طبیعت سے متعلق بتایا جس پر ان کی والدہ نے بیٹے کے کامیاب آپریشن کے لئے دعائیں دیں۔
دوسری جانب سماجی رابطے کی ویٹ سائٹ ٹوئٹر پر مریم نواز کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ اللہ کے فضل و کرم سے وزیراعظم نواز شریف کی شریانوں کی پیوند کاری مکمل کرلی گئی اوران کا کامیاب آپریشن ہوگیا جب کہ انہیں کچھ دیر بعد آپریشن تھیٹر سے آئی سی یو میں منتقل کردیا جائے گا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نے آپریشن سے ایک دن قبل لندن میں حکومتی امور نمٹائے جس میں انہوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے قومی اقتصادی کونسل اور وفاقی کابینہ کے بجٹ اجلاس کی صدارت کی، وزیراعظم نوازشریف کے خطاب کے بعد وزیراعلیٰ سندھ، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور وزیراعلیٰ بلوچستان سمیت وفاقی وزرا نے وزیراعظم سے ان کی خیریت دریافت کی اور ان کی صحت کے لیے دعا کی جب کہ اس موقع پر وزیراعظم نے تمام وزرائے اعلیٰ اور وفاقی وزرا سمیت سیکریٹریز کا بھی شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نواز شریف کی لندن کے مقامی اسپتال میں دل کی کامیاب سرجری
وقتِ اشاعت : May 31 – 2016