|

وقتِ اشاعت :   June 2 – 2016

کوئٹہ: کوئٹہ میں نامعلوم اغواء کاروں نے تاجر کو اغواء کرلیا۔ بھاری رقم لیکر ایک گھنٹے بعد ہی رہا کردیا۔پولیس کے مطابق تاجر صابر شاہ پرنس روڈ پر کمپیوٹر کی دکان کا مالک ہے اور پرائز بانڈ کی خرید و فروخت کا کام بھی کرتا ہے۔ بدھ کی دوپہر وہ موٹر سائیکل پر دکان کی طرف جارہا تھا کہ تھانہ سٹی کی حدود میں میکانگی روڈ پر واقع شاہ ٹاور کے قریب سے سرف گاڑی میں سوار پانچ مسلح افراد نے انہیں اسلحہ کے زور پر روکا اور موٹر سائیکل سے اتار کر گاڑی میں بٹھا لیا۔ ملزمان صابر شاہ کو لیکر شہر کی سڑکوں پر گھومتے رہے ۔ اس دوران تلاشی لینے پر صابر شاہ سے قیمتی موبائل فون، گھڑی ، پرائز بانڈ اور نقدی سمیت مجموعی طور پر تقریباً بائیس لاکھ روپے چھین لئے اور ایک گھنٹے بعد ہی انہیں ایئر پورٹ روڈ پر زمزمہ اسٹور کے قریب چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ پولیس نے تھانہ سٹی میں مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔ پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج، گاڑی کی رجسٹریشن نمبر سمیت دیگر شواہد اکٹھے کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔ دریں اثناء پاک افغان سرحدی شہر چمن میں اغواء کار سرگرم ہوگئے۔ ایک ہی دن میں دو تاجروں کو اغواء کرلیا۔ دو ہفتوں میں اغواء کی چھ وارداتیں ہوچکی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاک افغان سرحد پر واقع ضلع قلعہ عبداللہ کا شہر چمن اغواء کاروں کے رحم و کرم پر ہے۔ بدھ کو چند گھنٹوں کے دوران دو دکانداروں کو اغواء کرلیا گیا۔ لیویز کے مطابق اغواء کی پہلی واردات ہند سوز چوک پر ہوئی جہاں چارنامعلوم اغواء کار وں نے مقامی دکاندار لالئی ولد عبدالغفار کو زبردستی دکان سے اٹھا یا اور گاڑی میں بٹھا کر نامعلوم مقام کی طرف لے گئے۔ چند ہی گھنٹے بعد دوسری واردات رحمان کہول روڈ پر پیش آیا جہاں سفید ٹوڈی کار میں سوار نامعلوم اغواء کاروں نے مبین میڈیکل اسٹور کے مالک مطیع اللہ کو اسلحہ کے زور پر اغواء کرلیا اور فرار ہوگئے۔ دونوں واقعات کے بعدپولیس ،لیویز اور ایف سی نے شہر کی ناکہ بندی کرکے مشتبہ گاڑیوں کی تلاشی شروع کردی۔ واضح رہے کہ چمن میں دو ہفتوں کے دوران اب تک چھ افراد کو اغواء کیا جاچکا ہے جن میں قبائلی رہنماء کے بیٹے اور تاجر شامل تھے۔ ان میں سے ایک تاجر خدام بھٹی کو تقریباً تیس لاکھ روپے تاوان ادا کرکے رہائی ملی جبکہ عبدالنافع ملیزئی کو اغواء کاروں نے فورسز کی کارروائی کے پیش نظر خود ہی چھوڑ ا۔ علاوہ ازیں کوئٹہ سے تقریباً ایک ماہ قبل اغواء ہونے والے ماہر امراض شوگر ڈاکٹر ارشاد احمدکھوسہ کو بھی بھاری تاوان کی ادائیگی کے بعد اغواء کاروں نے چمن میں رہا کیا۔ اغواء برائے تاوان کی بڑھتی وارداتوں پر شہری خصوصاً ڈاکٹر اور تاجر برادری کی تشویش میں اضافہ ہوا ہے۔