کوئٹہ :بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل نے عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ ہونےشدید ردعمل دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) میں سردار اختر مینگل نے کہا کہ عدالت کے واضح احکامات کے باوجود ان کا نام پی این آئی ایل سے نہیں نکالا جا رہا اور انہیں سفر سے روکا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ “اس ملک میں حقیقی احکامات عدالتوں سے نہیں آتے، اگر عدالتی فیصلے بے اثر رہیں اور ان کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جائے تو عدالتوں کو مستقل طور پر بند کر دینا چاہیے کیونکہ فی الحال ہم جنگل کے قانون کے تحت زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔”
زیری کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے سردار اختر مینگل نے کہا کہ “یہ محض غفلت نہیں بلکہ ظلم ہے۔ دو ماہ سے جاری سڑک کی بندش نے خوراک، ادویات اور روزگار کا سلسلہ منقطع کر دیا ہے۔ بچے تکلیف میں ہیں، کپاس کی فصل تباہ ہو گئی ہے اور خاندان مایوسی کا شکار ہیں۔” انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر کب تک بے گناہ بلوچ عوام کی زندگیاں طاقت کی سیاست کی نذر کی جاتی رہیں گی؟