کوئٹہ: لیویز فورس کے پولیس میں انضمام سے متعلق انتظامی امور پر وزیر اعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، آئی جی پولیس، ڈی جی لیویز سمیت لیویز فورس کے رسالدار میجر نے شرکت کی۔ اجلاس میں لیویز سے پولیس میں ضم ہونے والے افسران و اہلکاروں کو درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
لیویز فورس کے رسالدار میجر کو ون اسٹیپ اپ ترقی دینے سمیت تمام کیٹیگریز کے افسران کی ترقی، ٹرانسفر اور سینیارٹی امور سے متعلق تجاویز کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی گئی۔ انضمام کے عمل میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ فورسز کی استعداد کار بڑھانے کے لیے جدید تربیتی ماڈیولز متعارف کرانے کی بھی ہدایت دی گئی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ لیویز فورس کے پولیس میں انضمام کو ہر سطح پر قابل عمل بنا کر ٹرانزیکشن کا عمل باعزت طور مکمل کیا جائے گا۔ بلوچستان میں پائیدار قیامِ امن کے لیے حکومتی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔
پورے بلوچستان میں یکساں فورس کا اطلاق امن و امان کے قیام کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا۔ لیویز فورس کے افسران و جوانوں کو پولیس کی بنیادی تربیت فراہم کی جائے گی۔ لیویز و پولیس کے انضمام سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی فعالیت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ افسران اور اہلکاروں کی ویلفیئر اور پیشہ ورانہ ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ لیویز سے پولیس میں منتقلی کا عمل مرحلہ وار اور مؤثر حکمتِ عملی کے تحت مکمل کیا جائے گا۔