کوئٹہ:دفتر صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان، کوئٹہ میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت صوبائی الیکشن کمشنر، بلوچستان جناب علی اصغر سیال نے کی۔ اجلاس میں جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر سید وسیم احمد جعفری، ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ عمران شوکت، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی، ریجنل الیکشن کمشنر کوئٹہ طاہر حسن اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کوئٹہ سید نذیر احمد نے شرکت کی۔
اجلاس میں کوئٹہ میں منعقد ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لیے مکمل سیکیورٹی اور انتظامی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی الیکشن کمشنر علی اصغر سیال نے انتخابات کے دوران امن و امان اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات پر زور دیا تاکہ انتخابات پرامن ماحول میں منعقد کئے جا سکیں۔ اس حوالے سے ڈی آئی جی پولیس نے سیکیورٹی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ ڈی آئی جی پولیس اور ڈپٹی کمشنر نے انتظامی تعاون اور سیکیورٹی پلان پر مکمل عمل درآمد کی یقین دہانی کروائی۔
جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر سید وسیم احمد جعفری نے انتخابی شفافیت اور عملے کی تربیت پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا، جبکہ ریجنل الیکشن کمشنر اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کوئٹہ نے انتخابی مواد کی بروقت ترسیل اور مقامی سطح پر انتخابات کے انتظامات کی مؤثر نگرانی اور شفافیت کو یقینی بنانے کا عزم ظاہر کیا۔ اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے صوبائی الیکشن کمشنر کی ہدایات پر مکمل عمل درآمد کرنے اور انتخابات کو پرامن، شفاف اور محفوظ ماحول میں کامیابی کے ساتھ منعقد کرنے کے لیے بھرپور تعاون فراہم کرنے کا یقین دلایا