|

وقتِ اشاعت :   November 28 – 2025

نوکنڈی:ریکودک مائننگ کمپنی (آر ڈی ایم سی ) کے زیرِ انتظام چلنے والے دی ہنر فاؤنڈیشن (ٹی ایچ ایف ) ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ نوکنڈی میں 416 سے زائد تربیت یافتہ نوجوانوں کی گریجویشن کا جشن منایا گیا، جو ضلع چاغی میں ہنر کے فروغ اور نوجوانوں کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔ تربیت حاصل کرنے والے طلبہ نے چھ ماہ کے ووکیشنل کورسز مکمل کیے، جن میں 278 مرد اور 138 خواتین شامل ہیں۔

 

اس تقریب میں کمیونٹی ڈویلپمنٹ کمیٹی نوکنڈی کے رہنما، طلبہ اور ان کے خاندان کے افراد سمیت ٹی ایچ ایف اور آر ڈی ایم سی کے سینئر افسران شریک ہوئے۔ مقررین نے اپنے خطاب میں علاقے میں تکنیکی مہارت اور پائیدار ترقی کی اہمیت پر زور دیا۔ ہنر فاؤنڈیشن کے پروجیکٹ ڈائریکٹر ندیم منظور نے گریجویٹس کو مبارکباد دی اور ٹی ایچ ایف کی آر ڈی ایم سی کے ساتھ شراکت داری کی طویل المدتی اہمیت کو اجاگر کیا۔

 

آر ڈی ایم سی کے کمیونٹی انویسٹمنٹ ٹیم لیڈر عیسیٰ طاہر سنجرانی نے کہا:”ہنر کی تربیت بہت اہم ہے اور ہمیں فخر ہے کہ ہمارے اس ٹیکینیکل انسٹی ٹیوٹ کے کئی گریجویٹس پاکستان کے ایک اہم معدنی منصوبے میں کام کر رہے ہیں۔”ہنر فاؤنڈیشن کے سی ای او طاہر جاوید نے کہا کہ ٹی ایچ ایف ثقافتی شمولیت اور مقامی کمیونیٹیز کو بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

 

آر ڈی ایم سی کے ہیڈ آف ایچ آر ہینو اسٹیڈن نے بھی اپنے خطاب میں ہنرمندی کی اہمیت پر زور دیا اور اپنے خطاب کے ایک حصے میں بلوچی میں بات کر کے طلبہ کے ساتھ خوشگوار انداز میں تعلق کو مضبوط بنایا۔ اس موقع پر گریجویٹس نے اپنی کامیابیوں کی کہانیاں شیئر کیں، جن سے تربیت کے اثرات اور روزگار و معیشت پر اس کے مثبت نتائج ظاہر ہوئے۔ تقریب کا اختتام اسناد کی تقسیم اور روایتی بلوچی رقص کے ساتھ ہوا، جس نے کامیابی اور کمیونٹی کے فخر کا جشن دوبالا کردیا۔