گوادر:جی ڈی اے پاک چائنہ فرینڈشپ ہاسپٹل زیر انتظام انڈس ہاسپٹل اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کی تین سالہ طبی و انتظامی خدمات کی تکمیل کے موقع پر سالانہ تھرڈ اینیورسری سیلیبریشن کی تقریب آج گوادر میں شاندار انداز میں منعقد ہوئی۔ ہسپتال کو نومبر 2022 میں انڈس سسٹم کے سپرد کیا گیا تھا، جس کے بعد تین برسوں میں صحت کی سہولیات میں نمایاں بہتری، توسیع اور جدید علاج تک عوام کی براہ راست رسائی ممکن بنی۔
تقریب کی صدارت ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے معین الرحمٰن خان نے کی جبکہ رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمٰن، چیف آپریٹنگ آفیسر انڈس ہاسپٹل اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک مظہر احمد صدیقی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عبدالشکور، ڈی ایچ او ڈاکٹر یاسر بلوچ، سیاسی و سماجی رہنما ارشد کلمتی اور ہیڈ آف کیمپس ڈاکٹر عفان فائقزادہ سمیت سرکاری و فلاحی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ صدر انڈس ہاسپٹل اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک ڈاکٹر عبدالباری نے خصوصی ویڈیو پیغام کے ذریعے شرکاء سے خطاب کیا۔
ڈاکٹر عبدالباری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہسپتال کا بنیادی مقصد گوادر اور مکران ڈویژن کے عوام کو علاج گھر کی دہلیز پر فراہم کرنا تھا، جو تین سال کے مختصر عرصے میں حقیقت بن چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک ساڑھے چھ لاکھ سے زائد مریضوں کا مفت علاج کیا جا چکا ہے جبکہ 487 سے زائد اسٹاف میں 80 فیصد مقامی عملہ شامل ہے جو بلوچستان کیلئے ایک مثبت اور تاریخی سنگِ میل ہے۔ 150 بستروں پر مشتمل یہ ادارہ اب عالمی معیار کے علاج، تشخیصی خدمات اور محفوظ میڈیکل کیئر فراہم کر رہا ہے۔
ڈاکٹر عفان فائقزادہ نے کہا کہ اس وقت ہسپتال میں 15 کلینیکل ڈیپارٹمنٹس فعال ہیں جنہیں بڑھا کر 25 تک توسیع دینے کا منصوبہ ہے۔ مزید بتایا گیا کہ ہسپتال میں میڈیکل کنسلٹنسی، فارمیسی، لیبارٹری، بلڈ بینک، نرسری اور نیوٹریشن سروسز روزانہ ہزاروں مریضوں کو بغیر کسی فیس کے فراہم کی جا رہی ہیں۔ فیز ٹو کے تحت اسکول آف میڈیکل ٹیکنالوجی، میڈیکل کالج اور ہسپتال کو ٹیچنگ ہسپتال کا درجہ دینے کیلئے عملی اقدامات جاری ہیں، جو مستقبل میں مقامی میڈیکل کمیونٹی کیلئے ایک بڑی کامیابی ہوگی۔
چیف آپریٹنگ آفیسر مظہر احمد صدیقی نے کہا کہ انڈس کا مقصد صرف علاج نہیں بلکہ اللہ کی خوشنودی اور انسانیت کی خدمت ہے انہوں نے بتایا کہ انڈس نیٹ ورک کراچی، سندھ، پنجاب، بلوچستان، ڈیرہ بگٹی، دالبندین سمیت متعدد شہروں میں شاندار صحت خدمات فراہم کر رہا ہے، تاہم گوادر کا یہ ہسپتال اپنی نوعیت کا منفرد اور جدید ماڈل ہے جہاں وہ سہولیات میسر ہیں جو بعض اوقات صوبائی دارالحکومت میں بھی پوری سطح پر میسر نہیں ہوتیں۔
رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمٰن نے ہسپتال انتظامیہ کو تھرڈ انیورسری پر مبارکباد دیتے ہوئے انکے خدمات کی فراہمی پر تعریف کی، اور کہا کہ وہ وقت گزر چکا ہے جب اہلِ گوادر علاج کیلئے دوسرے شہروں کا رخ کرتے تھے، آج صورتحال یہ ہے کہ بلوچستان اور سرحد پار ایران سے مریض علاج کیلئے گوادر آ رہے ہیں جو انڈس نیٹ ورک کی کارکردگی کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے ادارے کیلئے مکمل تعاون اور مسلسل رابطہ برقرار رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔
ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے معین الرحمٰن خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک چائنہ فرینڈشپ ہسپتال سی پیک کے سماجی ڈھانچے کا اہم ستون ہے جو روزانہ ہزاروں زندگیوں کو سہارا دے رہا ہے۔ صحت کے شعبے میں جدت، توسیع اور فراہمی جی ڈی اے کی اولین ترجیح ہے اور مستقبل میں اس منصوبے کو مزید مضبوط بنانے کیلئے اقدامات جاری رہیں گے۔
تقریب کے اختتام پر تین سالہ سالگرہ کا کیک مولانا ہدایت الرحمن نے کاٹ کر کامیابی کے اس سفر کا تسلسل برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔