|

وقتِ اشاعت :   June 7 – 2016

کوئٹہ:  گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ دنیا معاشی، سیاسی لحاظ سے تیزی سے تبدیلی کی جانب گامزن ہے اور خاص طور سے مشرقی ممالک جدت اور ترقی میں ایک نئے ابھار کا مظاہرہ کررہے ہیں اور ترقی کے اس نئے مرحلے میں بلوچستان کو اپنے محل وقوع ، قلیل آبادی اور خاص طور سے وسائل سے مالا مال ساحلی پٹی کی وجہ سے نئی دنیا کی تعمیر و ترقی میں پرکشش اہمیت حاصل ہوگئی ہے ان خیالات کا اظہارانہوں نے اسلام آباد میں تعینات چیک ری پبلک کے سفیر جان فیوری سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ خطے کے تازہ ترین حالات و واقعات پر تبادلہ خیال کیاگیا اس موقع پر گورنر نے کہا کہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں بیرونی سرمایہ کاروں کو صوبے میں سرمایہ کاری کے ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہئے اس سلسلے میں صوبائی حکومت ان کو ہر ممکن سہولیات اور تحفظ فراہم کرے گی گورنرنے کہا کہ پاکستان اور چیک ری پبلک کے درمیان موجود تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ چیک ری پبلک کے سفیر نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلا ف پاکستان کی کوششوں اور قربانیوں کو سراہا اس موقع پر کراچی میں تعینات اعزازی قونصل محمداحمد نصاری بھی موجود تھے۔ آخر میں گورنر بلوچستان اور چیک ری پبلک کے سفیر کے درمیان یادگاری شیلڈ کا تبادلہ کیاگیا۔