|

وقتِ اشاعت :   November 29 – 2025

گوادر:گوادر یونیورسٹی نے ملکی سطح پر ہونے والے اڑان پاکستان نیشنل ڈیبیٹس 2025 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 65 یونیورسٹیوں کے درمیان سخت مقابلے میں گوادر یونیورسٹی کی شعبہ انگلش کی طالبہ بدریہ رفیق نے بہترین اسپیکر ڈیبیٹس کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ جنہوں نے ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز فاروق حیدر کی رہنمائی میں یہ اہم اعزاز اپنے نام کیا۔ اسلام آباد میں منعقدہ اس نیشنل ڈیبیٹ کے ابتدائی اور فائنل مراحل میں ملک بھر کی ممتاز جامعات نے حصہ لیا

 

 جن میں پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور سابق فاٹا کی یونیورسٹیاں شامل تھیں۔ مقابلے کے ہر مرحلے میں گوادر یونیورسٹی کے طلبہ نے اپنی مضبوط تیاری، منطقی استدلال اور معیاری مکالمے کے ذریعے نمایاں برتری برقرار رکھی۔ اس تاریخی کامیابی پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر سید منظور احمد اور یونیورسٹی کے تدریسی و انتظامی سربراہان نے طالبہ بدریہ رفیق اور ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز کو مبارکباد پیش کی۔

 

یونیورسٹی ترجمان کے مطابق، وائس چانسلر نے اپنے پیغام میں کہا کہ گوادر یونیورسٹی کی یہ کامیابی اس بات کی واضح دلیل ہے کہ ہمارے طلبہ علمی مہارت، تنقیدی سوچ اور قومی سطح کے مباحثے میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ یونیورسٹی نہ صرف طلبہ کی تخلیقی و فکری صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے بلکہ اسٹوڈنٹ انگیجمنٹ اور عملی تربیت کو بھی اعلیٰ ترجیح دے رہی ہے تقریب کے اختتام پر گوادر یونیورسٹی کی فاتح ٹیم نے وفاقی وزیر برائے پلاننگ، ڈیولپمنٹ اینڈ اسپیشل انیشیٹیوز، ڈاکٹر احسن اقبال سے ٹرافی اور کیش انعام وصول کیا۔