کوئٹہ پریس کلب کے صدر عرفان سعید، جنرل سیکرٹری ایوب ترین اور ایگزیکٹو کمیٹی کے تمام ارکان نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا صحافیوں کے لیے ہاؤسنگ اسکیم کا سنگِ بنیاد رکھنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صوبے کی صحافتی تاریخ کا ایک سنہری باب ہے۔
یہ منصوبہ تین دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط صحافیوں کی جدوجہد کا نتیجہ ہے، جو وزیر اعلیٰ کی غیر معمولی دلچسپی، وژن اور عملی اقدامات سے ممکن ہوا۔ میر سرفراز بگٹی نے نہ صرف وعدہ کیا بلکہ انتہائی مختصر مدت میں اسے پورا کر کے اپنی انتظامی صلاحیت اور عوام دوست رویے کا ثبوت دیا۔
گزشتہ روز ہاؤسنگ اسکیم کے افتتاح کے موقع پر وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ کم آمدنی والے صحافیوں کے لیے ایک سال کے اندر مفت فلیٹس تعمیر کیے جائیں گے جبکہ دیگر صحافیوں کو نصف قیمت پر فلیٹس فراہم کیے جائیں گے۔ یہ اقدام اس بات کا مظہر ہے کہ میر سرفراز بگٹی صحافی برادری کو درپیش مشکلات کو سمجھتے ہیں اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کرتے ہیں۔
35 سال سے صحافی اس دن کے منتظر تھے۔ بہت سے صحافی کرایہ کے گھروں میں رہتے ہیں اور اپنا گھر نہ ہونے کی وجہ سے شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ اس منصوبے میں کئی رکاوٹیں تھیں جنہیں موجودہ وزیر اعلیٰ نے اپنی بصیرت اور عزم سے دور کر کے عملی شکل دی۔
بیان میں کہا گیا کہ میر سرفراز بگٹی کا یہ اقدام نہ صرف صحافیوں کے لیے ریلیف ہے بلکہ یہ ان کی عوامی خدمت کے جذبے اور وعدوں کی پاسداری کا روشن ثبوت ہے۔ صحافیوں نے امید ظاہر کی کہ وزیر اعلیٰ مستقبل میں بھی صحافیوں کے مسائل کے حل اور آزادیٔ صحافت کے فروغ کے لیے اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔