|

وقتِ اشاعت :   June 7 – 2016

 اسلام آباد: پاناما لیکس سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کا آج مقررہ وقت مکمل ہورہا ہے جب کہ حکومت اور اپوزیشن جماعتیں کسی حتمی نتیجے تک نہیں پہنچ سکیں۔ پاناما لیکس کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے ٹرمز آف ریفرنس تیار کرنے کے لئے پارلیمانی کمیٹی 23 جون کو قائم کی گئی جسے 14 روز کے اندر ٹی او آر تشکیل دیئے جانے تھے تاہم کمیٹی مقررہ وقت میں کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچ سکی۔ ذرائع کے مطابق پارلیمانی کمیٹی کا وقت بڑھانے کے لئے قومی اسمبلی سے اس کی منظوری لی جائے گی۔ کمیٹی میں اپوزیشن کی جانب سے سینیٹر اعتزاز احسن، شاہ محمود قریشی، بیرسٹرسیف، الیاس بلور، صاحبزادہ طارق اللہ اور طارق چیمہ شامل ہیں جب کہ حکومت کی جانب سے اسحاق ڈار، زاہد حامد، خواجہ سعد رفیق، انوشہ رحمان، اکرم درانی اور حاصل بزنجو کمیٹی کا حصہ ہیں۔