کوئٹہ:بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی ترجمان نےکشمیریوں کے یوم حق خود ارادیت پر خصوصی پیغام میں کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے کہ سال2026 کشمیریوں کی مشکلات میں کمی اور ان کی جدوجہد میں کامیابی کا سال ثابت ہوگا
اپنے جاری کردہ بیان میں بی اے پی کے مرکزی ترجمان نے کہا کہ کشمیری عوام کئی دہائیوں سے بھارت کے مظالم،جبر اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سامنا کر رہے ہیں، تاہم اس کے باوجود کشمیری اپنے حقِ خودارادیت کی جدوجہد ثابت قدمی سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام ہرگز ہمت نہ ہاریں، ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی اور آزادی کا سورج ضرور طلوع ہوگا کشمیریوں کی جدوجہد میں نہ صرف پاکستان بلکہ بالخصوص بلوچستان کی عوام بھی ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور آئندہ بھی ہر فورم پر ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ جب تک کشمیری عوام کو بھارت کے تسلط سے آزادی نہیں ملتی، پاکستان اور بلوچستان کے عوام ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر من و عن عمل درآمد کو یقینی بنائے عالمی طاقتوں کو چاہیے کہ وہ بھارت پر دباؤ ڈالیں تاکہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند ہوں، بھارت کی جانب سے کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم پوری دنیا دیکھ چکی ہے اور آج بھی یہ ظلم و بربریت جاری ہے، جسے کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ “کشمیر بنے گا پاکستان” کا خواب ضرور شرمندۂ تعبیر ہوگا اورانشاء اللہ کشمیری عوام اپنی آزادی کی منزل حاصل کریں گے