کوئٹہ : محکمہ فنانس کی جانب سے پری بجٹ 2016-17ء کے حوالے سے سول سیکریٹریٹ میں چیمبر آف کامرس،سول سوسائٹی، میڈیا کے نمائندوں کے علاوہ مختلف محکموں کے سیکشن ہیڈز کو بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر سیکریٹری فنانس اکبر حسین درانی نے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان کے بجٹ کی خطیر رقم غیرترقیاتی کاموں پر خرچ ہوتی ہے تاہم اس میں بتدریج کمی لائی جائے گی تاکہ بجٹ میں ترقیاتی کاموں کے لئے زیادہ سے زیادہ فنڈز مختص رکھے جائیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ حکومت کا کام صرف نوکریاں دینا نہیں بلکہ حکومت کا اصل کام نوکریوں کے مواقع پیدا کرنا ہے، سیکریٹری فنانس نے کہا کہ بلوچستان کو مالی لحاظ سے مضبوط بنانے کے لئے بجٹ کی رقم کا صحیح استعمال کرنا ہوگا اور اس حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے جو ترقیاتی منصوبوں پرخرچ ہونے والی رقم کی مانیٹرنگ کرے گی۔ بریفنگ کے آخر میں شرکاء نے مختلف سوالات پوچھے اور تجاویز بھی دیں۔