|

وقتِ اشاعت :   June 11 – 2016

یورو فٹبال چیمپیئن شپ 2016 کے دوسرے میچ میں سوئٹزرلینڈ نے البانیا کو ایک صفر سے شکست دے دی ہے۔

سنیچر کو فرانس کے شہر لانس میں کھیلے جانے والے گروپ اے کے میچ میں سوئٹزر لینڈ کے فیبیان شیر نے پہلے ہاف کے آغاز میں ہی گول کر کے اپنی ٹیم کو لیڈ دلا دی تھی۔ یہ پہلا موقع ہے جب سوئٹزر لینڈ کی ٹیم یورو فٹبال چیمپیئن شپ میں اپنا پہلا میچ جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ کسی بڑے ٹورنامنٹ میں پہلی بار شرکت کرنے والی البانیا کی ٹیم کے کپتان لورک کینا کو فاول کرنے پر ریفری نے پہلے ہاف کے 37 ویں منٹ میں ریڈ کارڈ دیکھا کر میچ سے باہر کر دیا تھا۔ اگرچہ البانیا نے میچ کا بیشتر حصہ دس کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلا لیکن اس کے باوجود البانیا کی ٹیم نے اچھے کھیل کا مظاہرے کرتے ہوئے سوئٹزر لینڈ کی ٹیم پر میچ کے اختتام تک دباؤ رکھا۔ اس سے قبل جمعے کو پیرس میں کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں میزبان فرانس نے رومانیہ کے ایک گول کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی تھی۔ فرانس میں منعقد یورو فٹبال چیمپیئن شپ 2016 کے لیے فرانسیسی حکومت نے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں اور ایک ماہ تک جاری رہنے والے مقابلوں کی سکیورٹی کے لیے 90 ہزار پولیس اور سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ فرانسیسی صدر فرانسوا اولاند نے خبردار کیا تھا کہ یورو فٹبال چیمپیئن شپ 2016 کو احتجاجی مظاہروں کے ذریعے متاثر کرنے کی کوشش کی جا سکتی ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ برس پیرس کو دہشت گردی کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا جس میں 130 افراد ہلاک ہوئے تھے۔