میچ میں ویلز کو پہلے ہاف میں سلواکیہ پر ایک صفر سے اس وقت برتری حاصل ہو گئی تھی جب گیرتھ بیلز نے پہلے ہاف کے آغاز میں ہی سکور کر دیا۔
گیرتھ بیلز کا شمار دنیا کے بہترین فٹ کھلاڑیوں میں ہوتا ہے اور وہ ریال میڈرڈ کے جانب سے کلب فٹبال کھیلتے ہیں۔
گیرتھ بیلز اس وقت بھی سرخیوں کی زینت بنے تھے جب ریال میڈرڈ نے انھیں 100 ملین یورو کے عوض خریدا تھا۔
تاہم میچ کے 61ویں منٹ میں سلواکیہ کی جانب سے اوندریج دودا نے گول کر کے میچ برابری پر لاکھڑا کیا۔
اس بعد دونوں ٹیموں کی جانب سے بھرپور حملے کیے گئے۔ ویلز کی جانب سے ہال رابسن کانو نے 81ویں منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی جو میچ کے آخر تک قائم رہی۔
اس طرح ویلز نے 58 غیر حاضر رہنے کے بعد کسی بھی بڑے ٹورنامنٹ میں جیت کے ساتھ آغاز کیا۔
خیال رہے کہ گذشتہ پانچ دہائیوں میں یہ پہلا موقع ہے جب ویلز کی ٹیم کسی بڑے ٹورنامنٹ میں اپنے ملک کی نمائندگی کر رہی ہے۔
یورو فٹبال چیمپیئن شپ میں رسائی کے لیے ہونے والے کوالیفائنگ روانڈ میں بھی گیرتھ نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا تھا۔
اس سے قبل سنیچر کو یورو فٹبال چیمپیئن شپ 2016 کے دوسرے میچ میں سوئٹزرلینڈ نے البانیا کو ایک صفر سے شکست دی تھی۔
فرانس کے شہر لانس میں کھیلے جانے والے گروپ اے کے میچ میں سوئٹزر لینڈ کے فیبیان شیر نے پہلے ہاف کے آغاز میں ہی گول کر کے اپنی ٹیم کو لیڈ دلا دی تھی۔
یہ پہلا موقع ہے جب سوئٹزر لینڈ کی ٹیم یورو فٹبال چیمپیئن شپ میں اپنا پہلا میچ جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔
کسی بڑے ٹورنامنٹ میں پہلی بار شرکت کرنے والی البانیا کی ٹیم کے کپتان لورک کینا کو فاول کرنے پر ریفری نے پہلے ہاف کے 37 ویں منٹ میں ریڈ کارڈ دیکھا کر میچ سے باہر کر دیا تھا۔
اگرچہ البانیا نے میچ کا بیشتر حصہ دس کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلا لیکن اس کے باوجود البانیا کی ٹیم نے اچھے کھیل کا مظاہرے کرتے ہوئے سوئٹزر لینڈ کی ٹیم پر میچ کے اختتام تک دباؤ رکھا۔