|

وقتِ اشاعت :   June 13 – 2016

اسلام آباد : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے شاہ محمود قریشی کو اپوزیشن کے ساتھ مل کر حکومت کے خلاف آئندہ کا لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کردی۔ذرائع کے مطابق اتوار کو بنی گالا میں عمران خان کی زیرصدارت تحریک انصاف کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں شاہ محمود قریشی، نعیم الحق، فیصل جاوید، نعمان وزیر اور دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر پاناما لیکس اور ٹی او آر کمیٹی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے دوران شاہ محمود قریشی نے عمران خان کو ٹی او آر کمیٹی کی اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا جبکہ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاناما دستاویزات پر وزیراعظم اور ان کے اہلخانہ کا احتساب نہیں چاہتی اس لئے اب کمیٹی میں مزید رہنے کا کوئی فائدہ نہیں۔اجلاس کے دوران چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہاکہ پاناما لیکس کا معاملہ دبانے کی حکومتی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے اوراگراس معاملے پر کمیشن نہ بنا تو عید کے بعد سڑکوں پر آنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی رویہ مایوس کن ہے جو احتساب سے بھاگ رہی ہے جبکہ حکومت ایک بار پھر شریف خاندان کی کرپشن اور ٹیکس چوری سے عوام کی توجہ ہٹانے میں ناکام ہوچکی ہے،دریں اثناء پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے پی ٹی آئی کے چیف الیکشن کمشنر نعمان وزیر نے ملاقات کی جس میں کرپشن کیخلاف ملک گیر تحریک کیلئے تحریک انصاف کے کارکنان کو منظم کرنے کے امور پر غور کیا گیا۔نجی ٹی وی کے مطابق اتوار کو عمران خان سے پی ٹی آئی چیف الیکشن کمشنر نعمان وزیر نے ملاقات کی اس موقع پر شاہ محمود قریشی اور نعیم الحق بھی موجود تھے،ملاقات میں کرپشن کے خلاف تحریک کیلئے کارکنان کو منظم کرنے کے امور پر غور کیا گیا،نعمان وزیر نے عمران خان کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کے کارکنوں سے انتہائی قلیل میں رابطہ ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا پیغام ایک وقت میں لاکھوں تک پہنچایا جاسکتاہے ،علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جے یو آئی(ف) کے سینیٹر حمداللہ کی ماروی سرمد سے بدتمیزی کی مذمت کرتاہوں،شوکت خانم ہسپتال کے لئے گذشتہ رات ساڑھے بارہ کروڑ روپے کے فنڈز اکٹھے کئے ہیں،عوام کے اعتماد پر شکریہ گزارہوں۔اتوار کو لاہور سے واپسی پر سوشل میڈیاکی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا کہ سینیٹر حمد اللہ کا فعل قابل مذمت ہے،ماروی سرمد سے حمد اللہ کی بدتمیزی کی شدید مذمت کرتاہوں۔انہوں نے کہاکہ گذشتہ رات ساڑھے بارہ کروڑ روپے کے فنڈز اکٹھے ہوئے ہیں،ریکارڈ فنڈز اکٹھے ہونا ن لیگی رہنماؤں کی شوکت خانم ہسپتال کے خلاف مہم پرطمانچہ ہے۔عمران خان نے کہا کہ ن لیگی رہنما پاناما پیپرز میں سامنے آنے والی وزیراعظم کی کرپشن چھپانے کے لئے مہم چلارہے ہیں اور یہ مہم ناکام ہوچکی ہے،ہم عید کے بعد پانامالیکس کے خلاف سڑکوں پر آئیں گے۔