کوئٹہ : ڈپٹی میئر کوئٹہ محمد یونس بلوچ نے کوئٹہ کے شہریوں خاص طور سے تاجروں اور دکانداروں سے اپیل کی ہے کہ رمضان المبارک کے تقدس اور احترام کا خیال رکھیں اورذخیرہ اندوزی، گرانفروشی اور کم ناپ تول سے اجتناب کریں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن نے رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو مہنگائی سے بچانے کے لئے مختلف مقامات پر سستے بازار کا اہتمام کیا ہے جس میں معیاری اشیاء ارزاں قیمتوں پر فروخت کی جارہی ہیں۔ انہوں نے تاجروں اور دکانداروں پر زور دیا کہ وہ شہریوں کے روزے کے دوران اشیائے صرف کی فراہمی کی لئے کارپوریشن کی کاوشوں میں تعاون کریں۔ ڈپٹی میئر نے کہا کہ شہریوں کے منتخب نمائندے کی حیثیت سے عوام کی تمام مشکلات دور کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ، یہ ہم سب کا شہر ہے اور اس کے مسائل کے حل کے لئے سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی مہم کامیابی سے جاری ہے جبکہ شاہراہوں پر ایل ای ڈی لائٹس نصب کی گئی ہیں جس سے ان شاہراہوں کا حسن دوبالا ہوگیا ہے۔ ڈپٹی میئر نے کہا کہ کوئٹہ کے روایتی حسن کی بحالی، صفائی ستھرائی، اور شہریوں کو ضروری سہولتوں کی فراہمی کا تہیہ کررکھا ہے۔