|

وقتِ اشاعت :   3 hours پہلے

کوئٹہ: نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے جاری بیان میں کہا ہے کہ زہری میں مکمل کرفیو اور نوشکی میں شام سے صبح تک نافذ کرفیو نے عوام کی زندگی کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ زہری میں مسلسل کرفیو کے باعث روزمرہ ضروریاتِ زندگی اور خورد و نوش کی اشیاء کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے، جس کے نتیجے میں عوام خصوصاً بچے، خواتین اور بزرگ غذائی کمی اور بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔

 

ترجمان نے کہا کہ کرفیو کی وجہ سے لوگوں کو علاج و معالجے کی بنیادی سہولیات تک رسائی بھی حاصل نہیں، مریض ہسپتالوں تک نہیں پہنچ پا رہے اور ادویات کی فراہمی بھی متاثر ہو چکی ہے۔ اگر صورتحال کو فوری طور پر بہتر نہ کیا گیا تو خدشہ ہے کہ یہ سنگین صورتحال ایک انسانی المیے کی شکل اختیار کر سکتی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ نوشکی میں شام سے صبح تک کرفیو اور سخت چیکنگ کے عمل نے بھی عوام کو شدید پریشانی اور اضطراب میں مبتلا کر رکھا ہے۔

 

کاروبارِ زندگی معطل ہو چکا ہے، شہریوں کی نقل و حرکت محدود ہو گئی ہے اور عام لوگ بلا وجہ مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ زہری و نوشکی میں نافذ مکمل کرفیو کو فوری طور پر ختم کیا جائے اور عوام کو خوراک، ادویات اور آمدورفت کی بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔ حکومت کا اولین فرض عوام کے جان و مال کا تحفظ اور ان کی بنیادی ضروریات کی فراہمی ہے، نہ کہ انہیں اجتماعی سزا دے کر مزید مشکلات میں دھکیلا جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *