کراچی :آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) نے وزیرِ اعظم سے اپیل کی ہے کہ عید سے قبل اخبارات کے واجبات کی ادائیگی کی منظوری دی جائے، جس کی منظوری پہلے ہی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) دے چکی ہے۔
آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے صدر سینیٹر سرمد علی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اخبارات کے واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث ملک بھر کے اخبارات شدید مالی بحران کا سامنا کر رہے ہیں اور اس وجہ سے وہ عید سے پہلے اپنے ملازمین کی تنخواہیں اور دیگر واجبات ادا کرنے سے قاصر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کے باعث مہنگائی اور بڑھتی ہوئی لاگتِ زندگی نے مالی بحران کو مزید بڑھا دیا ہے۔ لہٰذا انہوں نے وزیرِ اعظم سے درخواست کی کہ اخبارات کے طویل عرصے سے زیرِ التواء واجبات کی ادائیگی کی فوری منظوری دی جائے، جس کی سفارش اسی ماہ کے آغاز میں اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) پہلے ہی کر چکی ہے۔
آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) کو یقین ہے کہ وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف اس معاملے کو ذاتی طور پر دیکھیں گے اور کابینہ سے واجبات کی ادائیگی کی منظوری کو یقینی بنائیں تاکہ عید سے قبل اخباری ملازمین کی مشکلات میں کمی لائی جاسکے۔
Leave a Reply