|

وقتِ اشاعت :   June 20 – 2016

کوئٹہ : آواران کے علاقے میں سیکورٹی فورسز اور شدت پسندوں میں فائرنگ کے تبادلے میں 8شدت پسند ہلاک ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق آواران کے علاقے مشکے میں سیکورٹی فورسز کے سرچ آپریشن کے دوران شدت پسندوں نے فائرنگ شروع کردی سیکورٹی فورسز کی جوابی کارروائی کے دوران 8شدت پسند ہلاک ہوگئے۔ سیکورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو مسمار کرتے ہوئے وہاں سے بھاری تعداد میں اسلحہ ، دھماکہ خیز مواد ،لیپ ٹاپ ا وردیگر مواد قبضے میں لے لیا۔ سیکورٹی فورسز نے ذرائع نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے شدت پسند سیکورٹی فورسز پر حملوں، ٹارگٹ کلنگ ،بم دھماکوں سمیت دیگر وارداتوں میں ملوث تھے،ہمارے سٹاف رپورٹر کے مطابق بلوچستان کے ضلع آواران میں سیکورٹی فورسز نے سر چ آپریشن کے دوران پانچ افراد کو ہلاک کردیا۔ وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کے مطابق آواران کی تحصیل مشکے کے علاقے میں سیکورٹی فورسز نے کالعدم تنظیم کے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران مسلح افراد اور سیکورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں پانچ شدت پسند مارے گئے۔ ہلاک افراد کے قبضے سے اسلحہ، لیپ ٹاپ اور ممنوعہ لٹریچر برآمد کیا گیا۔ صوبائی وزیر داخلہ کے مطابق سیکورٹی فورسز نے دہشتگردوں کو گھیرے میں لے رکھا ہے اور آپریشن تاحال جاری ہے جس سے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے ۔ لیویز ذرائع کے مطابق مشکے اور اطراف میں سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری موجود ہے تاہم آپریشن میں ہلاکتوں کی تعداد سے متعلق لیویز لا علم ہے۔