کوئٹہ: گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے حکومت بلوچستان کے وزارت داخلہ کو ہدایت کی ہے کہ بلوچستان میں چینی شہریوں اور منصوبوں کی مکمل حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے سخت اقدامات کیے جائیں۔
پورے خطے کی صورتحال کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے موثر حفاظتی انتظامات کی نگرانی کریں اور ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کو الرٹ رکھیں۔ انہوں نے کہا پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دوستی پر زور دیتے ہوئے گورنر مندوخیل نے دونوں ممالک کے روشن مستقبل کو محفوظ بنانے پر زور دیا۔
قبل ازیں چینی قونصلیٹ جنرل کراچی نے گورنر بلوچستان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ چین کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے سے بلوچستان کی ترقی کی رفتار تیز ہو سکتی ہے۔
گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے عوام پر زور دیا کہ وہ صوبے بھر میں امن و آشتی کو برقرار رکھنے کیلئے حکومتی کوششوں میں تعاون کریں کیونکہ حکومت اور عوام کی مشترکہ کاوشیں ہی بلوچستان کو دیرپا امن اور محبت کا گہوارہ بنا سکتی ہیں۔
گورنر مندوخیل نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ موثر رابطے برقرار رکھیں تاکہ صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال برقرار رہے۔
Leave a Reply