یورو 2016 کے ایک اہم میچ میں انگلینڈ اور سلوواکیا کے درمیان فرانس کے شہر ساں ایتیئن میں مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔
ایک اور میچ میں ویلز نے روس کو تین صفر سے ہرا دیا جس کے بعد انگلینڈ اور ویلز دونوں نے ٹورنامنٹ کے دوسرے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ انگلینڈ نے پہلے ہاف میں سلوواکیا کے گول پر پےدرپے حملے کیے لیکن گول کرنے میں ناکام رہے۔ مقررہ وقت ختم ہونے کے بعد پانچ منٹ کا اضافی وقت دیا گیا لیکن اس میں بھی کوئی گول نہ ہو سکا۔ انگلینڈ نے تمام میچ کے دوران میچ پر اپنی گرفت مضبوط رکھی اور سلوواکیا کے گول پر متعدد حملے کیے لیکن کامیابی نصیب نہ ہو سکی۔ دوسرے ہاف میں انگلینڈ کی گیند پر گرفت کا تناسب 65 فیصد تھا۔ اس نتیجے کے بعد ویلز نے گروپ بی میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے، جب کے انگلینڈ کا نمبر دوسرا ہے۔ اب انگلینڈ اگلے مرحلے میں گروپ ایف میں دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم سے کھیلے گا۔ میچ کے بعد انگلینڈ کے دفاعی کھلاڑی گیری کیہل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ رات ہمارے لیے مایوس کن رہی۔۔۔ ہم نے میچ کے شروع سے اختتام تک غلبہ برقرار رکھا لیکن ہم دروازہ نہیں کھول سکے۔ ہم مایوس ہیں کیونکہ جس قدر گیند پر گرفت ہمارے پاس رہی اس کے بعد ہمیں میچ جیت لینا چاہیے تھا۔‘ اس میچ کے لیے انگلینڈ کے کوچ روئے ہوجسن نے ٹیم میں چھ تبدیلیاں کی تھیں کیونکہ انھیں اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے پوائنٹس درکار ہیں۔ کپتان وین رونی کو بھی ٹیم سے باہر رکھا گیا ہے۔ میچ کے آغاز پر ٹیم میں جگہ نہ پانے والے دوسرے کھلاڑیوں میں رحیم سٹرلنگ، ہیری کین، ڈیلے ایلی، کائل واکر اور ڈینی روز شامل ہیں۔ اس کے مقابلے پر سلوواکیا نے اپنی اس ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جس نے روس کو دو ایک سے ہرایا تھا۔ تاہم رونی میچ کے دوران میدان میں واپس آ گئے تھے۔ اس نتیجے کے بعد اب تک گروپ بی میں انگلینڈ نے چار میچوں میں چھ جب کہ سلوواکیا نے چار ہی میچ کھیل کر چار پوائنٹ حاصل کر رکھے ہیں۔ دریں اثنا ایک اور میچ میں ویلز نے زبردست کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے روس کو تین صفر سے ہرا دیا۔انگلینڈ اور سلوواکیا کا میچ بغیر کسی گول کے برابر
وقتِ اشاعت : June 21 – 2016