|

وقتِ اشاعت :   June 22 – 2016

کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں فائرنگ کے نتیجے میں معروف قوال امجد صابری ہلاک ہو گئے۔ پولیس کے مطابق امجد صابری اپنے ساتھی کے ہمراہ گاڑی میں جارہے تھے، کہ اسی دوران لیاقت آباد نمبر 10 کے علاقے میں موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کی۔
امجد صابری کی گاڑی جس میں انہیں نشانہ بنایا گیا
امجد صابری کی گاڑی جس میں انہیں نشانہ بنایا گیا
فائرنگ کے نتیجے امجد صابری موقع پر ہی ہلاک جب کہ ان کے ساتھ گاڑی میں موجود سلیم صابری شدید زخمی ہو گئے۔ پولیس حکام کا کہنا تھا کہ جائے وقوع سے 30 بور کی 5 گولیوں کے خول ملے جبکہ ملزمان فائرنگ کے بعد حسن اسکوائر کی جانب فرار ہو گئے۔ عباسی شہید ہسپتال کے ہیلتھ سروسز کے سینئر ڈائریکٹر نے بھی امجد صابری کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ امجد صابری ہسپتال پہنچنے سے قبل کی ہلاک ہوچکے تھے۔۔

امجد صابری کو دھمکیاں مل رہی تھیں

سندھ سینسر بورڈ کے چیئرمین فخرعالم کے مطابق امجد صابری کو دھمکیاں مل رہی تھیں جس کی وجہ سے انہوں نے سیکیورٹی کے لیے درخواست بھی دی تھی مگر صوبائی وزارت داخلہ کی جانب سے کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔

وزیراعظم کا اظہار افسوس

وزیر اعظم نواز شریف نے امجد صابری کے قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکم دیا کہ مجرموں کو جلد گرفتار کیا جائے اور واقعے کے ذمہ داروں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے قوالی کے فروغ کے لیے امجد صابری کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ فن قوالی کے لیے امجد صابری کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے بھی امجد صابری کے قتل پر افسوس کا اظہار کیا اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ معروف گلوکارہ حدیقہ کیانی نے بھی امجد صابری کی ہلاکت پر ان کے اہل خانہ کے ساتھ دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

ایم کیو ایم کا 3 روزہ سوگ کا اعلان

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) امجد صابری کے قتل کے خلاف ملک بھر میں 3 روزہ سوگ کا بھی اعلان کیا ہے۔ ایم کیو ایم کے سینئر رہنما مصطفیٰ عزیز آبادی نے ٹوئٹر پر ٹویٹ میں سوگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس دوران پارٹی کی تمام سیاسی و تنظیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔ ایم کیو ایم نے کے رہنما اور کراچی کے نامزد میئر وسیم اختر نے ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں کسی کی جان و مال محفوظ نہیں اور حکومت کراچی میں امن وامان پر قابو پانے میں ناکام ہوچکی ہے۔

صابری عہد

45 سالہ امجد صابری معروف قوال غلام فرید صابری کے صاحبزادے اور عصر حاصر میں قوالی کے شعبے میں صف اول کے قوال مانے جاتے تھے۔ مقبول صابری نے اپنے بھائی مرحول غلام فرید صابری کے ساتھ مل کر دنیا بھر میں قوالی کو متعارف کرایا اور عارفانہ کلام میں اپنا نمایاں مقام بنایا۔ والد اور چچا کے انتقال کے بعد امجد صابری ان کے ورثے کو آگے بڑھارہے تھے اور انہوں نے اپنی محنت سے قوالی کی دنیا میں اپنی علیحدہ پہچان بنالی تھی۔ صابری برادان نے جو بھی کلام پڑھا وہ لوگوں کے دلوں میں اتر گیا تاہم ان کے سب سے مشہور و مقبول کلاموں میں ’بھر دو جھولی میری‘، ’تاجدار حرم ہو نگاہ کرم‘ اور ’میرا کوئی نہیں ہے تیرے سوا‘ شامل ہیں۔ امجد صابری نے متعدد ہندی فلموں کیلئے بھی قوالیاں ریکارڈ کرائی ہیں۔