|

وقتِ اشاعت :   June 27 – 2016

کراچی: بدامنی کی حالیہ لہر کے بعد وزیرداخلہ چوہدری نثار اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف حالات کا جائزہ لینے شہر قائد پہنچ گئے۔تفصیلات کے مطابق وزیرداخلہ چوہدری نثار اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور اغوا کی بڑھتی ہوئی حالیہ وارداتوں کے بعد حالات کا جائزہ لینے شہر قائد پہنچ گئے ہیں۔ قومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ اور ڈی جی ملٹری آپریشنز بھی وزیر داخلہ اور آرمی چیف کے ہمراہ ہیں۔کراچی پہنچنے کے بعد وزیر داخلہ چوہدری نثار گورنر ہاؤس پہنچے جہاں انھوں نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے ملاقات کی جس میں گورنر سندھ نے وفاقی وزیر داخلہ کو شہر کی موجودہ صورت حال کے حوالے سے آگاہ گیا جب کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کور ہیڈ کوارٹر پہنچے جہاں کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے کراچی میں امن و امان کی صورت حال پرتفصیلی بریفنگ دی۔آرمی چیف جنرل راحیل شریف کور ہیڈ کوارٹر میں اہم اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں وزیر داخلہ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلیٰ قائم علی شاہ بھی شریک ہوں گے۔ اجلاس میں کراچی میں شروع ہونے والی حالیہ بدامنی کی پر اعلیٰ حکام کو بریفنگ دی جائے گی۔ آرمی چیف رینجرز ہیڈ کوارٹر کا بھی دورہ کریں گے جب کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار کی امجد فرید صابری کے گھر آمد بھی متوقع ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ چند روز میں کراچی میں ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان اور بھتہ خوری کی وارداتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، پہلے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس سجاد شاہ کے بیٹے کو اغوا کیا گیا اور پھر دن دیہاڑے کراچی کے مصروف ترین علاقے میں نامور قوال امجد فرید صابری کو قتل کردیا گیا۔دریں اثناء پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ دہشتگردوں ٗان کے حمایتیوں اور مالی وسائل فراہم کر نے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی ٗپورے کراچی میں امن اور حالات کو معمول پر لانے کے مقاصد کو ہرصورت پر حاصل کیاجائیگا ٗ رینجرز کو اپنے مشن کی تکمیل کیلئے انٹیلی جنس اور دیگر تمام ضروریات فراہم کی جائیں گی ٗتمام کمانڈرز ٗ انٹیلی جنس ایجنسیاں ایک دوسرے کے ساتھ رابطہ بڑھائیں ٗ کراچی میں دہشتگردانہ واقعات میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اتوار کو کراچی میں سندھ رینجرز کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو ڈی جی رینجرز نے موجودہ آپریشن ٗ کراچی کی موجودہ سکیورٹی صورتحال اور مستقبل کے آپریشن کے منصوبہ سے آگاہ کیا ۔آرمی چیف نے سندھ رینجرز کی قربانیوں اورکامیابیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے شہر میں امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے بہت قربانیاں دی ہیں ۔رینجرز سے خطاب میں آرمی چیف نے کہاکہ عزم ٗ حوصلے اور سندھ رینجرز کے مضبوط ارادوں کی وجہ سے دہشتگرد وں اور جرائم پیشہ افرادکو کراچی سے نکالنے پر کراچی کے عوام نے عزت و احترام دیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشتگردوں ٗان کے حمایتیوں ٗ مالی وسائل فراہم کر نے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی ۔انہوں نے کہاکہ پورے کراچی میں امن اور حالات کو معمول پر لانے کے مقاصد کو ہر صورت حاصل کیا جائیگا ۔انہوں نے کہاکہ رینجرز کو اپنے مشن کی تکمیل کیلئے انٹیلی اور دیگر تمام ضروریات فراہم کی جائیں گی حالیہ واقعات کا ذکر کرتے ہوئے آرمی چیف نے تمام کمانڈروں ٗ انٹیلی جنس ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ رابطہ بڑھائیں اور ان واقعات میں ملوث افراد کو پکڑنے کیلئے کوئی کسر نہ اٹھارکھی جائے ۔