ارجنٹائن کے فٹبالر لیونل میسی نے کوپا امریکہ کے فائنل میں اپنی ٹیم کی چلی کے ہاتھوں شکست کے بعد بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
اتوار کو کوپا امریکہ کے فائنل میں چلی نے پینلٹی شوٹ آؤٹ پر ارجنٹائن کو شکست دی۔ 29 سالہ میسی نے اپنی پینلٹی کک ضائع کی جس کے بعد ان کی ٹیم یہ میچ ہار گئی۔ ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے میسی کا کہنا تھا ’ قومی ٹیم کے لیے میرا سفر تمام ہوا۔ میں جو کر سکتا تھا، کر لیا۔ چیمپیئن نہ بننے کادکھ ہے۔‘ ارجنٹائن کے ٹی وی پر بات پر کرتے ہوئے انھوں نے کہا ’میں اپنی قومی ٹیم کی جانب سے دوبارہ نہیں کھیلوں گا۔‘ کوپا امریکہ کا فائنل سنہ 2005 میں ارجنٹائن کی جانب سے اپنے کریئر کا آغاز کرنے والے والے میسی کا یہ 112 واں بین الاقوامی میچ تھا۔ یہ میچ 120 منٹ تک بغیر کسی گول کے برابر رہا جس کے بعد اس کا فیصلہ پینلٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔ چلی نے پینلٹی شوٹ آؤٹ میں ارجنٹائن کو دو کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر مسلسل دوسری بار یہ اعزاز حاصل کیا۔ واضح رہے کہ سنہ 2008 کے بیجنگ اولمپک میں سونے کا تمغہ حاصل کرنے کے بعد لیونل میسی نے کوئی بڑا بین الاقوامی اعزاز نہیں جیتا۔ سنہ 2014 کے فٹبال کے عالمی کپ کے فائنل میں جرمنی نے ارجنٹائن کو ایک صفر سے ہرایا تھا۔میسی کا بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
وقتِ اشاعت : June 27 – 2016