کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے پیر کے روز کوئٹہ میں غیر متوقع اور شدید بادوباران سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو شہر میں متاثر ہونے والے بنیادی ڈھانچے کی بحالی ، نکاسی آب اور متاثرین کی امداد کیلئے فوری اور مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی وزیر داخلہ و پی ڈی ایم اے میر سرفراز بگٹی سے ہونے والی ملاقات کے دوران کیا۔ جنہوں نے وزیراعلیٰ کو بارش کے بعد شہر کی صورتحال اور اس کی بہتری کیلئے جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پی ڈی ایم اے متاثرین کو فوری طو رپر ضرورت کے مطابق امدادی سامان فراہم کرکے ان کے مسائل و مشکلات کے حل میں اپنا کردار ادا کرے ۔وزیراعلیٰ نے مزید بارشوں کی پیشنگوئی کے پیش نظر کوئٹہ سمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں مؤثر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے خاص طور سے ندی نالوں کے کنارے آباد لوگوں کی محفوظ مقامات تک منتقلی یقینی بنانے اور آبی گذر گاہوں کی فوری صفائی کرنے کی ہدایت بھی کی ہے تاکہ پانی کے گذرنے میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو اور آبادیوں کو نقصان پہنچنے کا احتمال نہ رہے۔ڈویژنل کمشنر اور ڈپٹی کمشنرز کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہیں اور متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ رکھا جائے ۔اس موقع پر صوبائی وزیر داخلہ نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت کی روشنی میں گذشتہ روز سے ہی پی ڈی ایم اے ، میٹروپولیٹن کارپوریشن اور ضلعی انتظامیہ نے بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال کی بہتری کیلئے امدادو بحالی کی سرگرمیوں کا آغاز کردیا تھا جن کی بدولت شہری زندگی معمول پر آچکی ہے۔