|

وقتِ اشاعت :   July 1 – 2016

کوئٹہ+ قلات: بلوچستان کے علاقے قلات نوشکی اور کوہلو میں بم دھماکے اور راکٹ حملے قبائلی رہنما زخمی کوئٹہ کے علاقے قمبرانی روڈ پر فائرنگ سے کیچی بیگ تھانے کا محرر زخمی ہو گیا‘تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے قمبرانی روڈ پر فائرنگ سے کیچی بیگ تھانے کا محرر زخمی ہو گیا۔جوابی فائرنگ سے پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب کچی بیگ تھانے کا محررمحمدحسن اپنی موٹر سائیکل پر گھر سے ڈیوٹی پر جا رہا تھا ۔ کلی بڑو میں نامعلوم ملزمان نے اس پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں محمد حسن کندھے پر گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گیا۔زخمی محمد حسن نے بھی جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک حملہ آور زخمی بھی ہوا۔ تاہم حملہ آور زخمی ساتھی سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اورزخمی پولیس اہلکار کو طبی امداد کے لئے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد زخمی کو سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا۔ ۔پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرنے کے بعد تفتیش اور ملزمان کی تلاش شروع کر دی جبکہ شہر کے اسپتالوں میں بھی سخت چیکنگ کی گئی تاکہ زخمی حملہ آور کو ڈھونڈا جاسکے۔ علاوہ ازیں کوہلو اور نوشکی میں بم دھماکوں میں قبائلی رہنماء زخمی ہوگیا۔ نصیرآباد سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ضلع کوہلو میں بازار کے قریب افضل زرکون پٹرول پمپ کے ساتھ دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں قبائلی رہنماء وڈیرہ گہرام مری زخمی ہوگیا۔ انہیں فوری طور پر سول اسپتال کوہلو لے جایا گیا۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق وغیرہ گہرام مری نے سڑک کنارے کھڑی کی گئی اپنی ٹوڈی گاڑی کا دروازہ جیسے ہی کھولا تو دھماکا ہوا ۔ دھماکے میں گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ ادھر ضلع نوشکی کے علاقے احمدوال میں نوشکی خاران روڈ پر کچے راستے پر نامعلوم افرادکی جانب سے نصب کی گئی بارودی سرنگ کا ٹریکٹر ٹرالی کا ٹائر آگیا جس سے زوردار دھماکا ہوا اور ٹرالی تباہ ہوگئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دوسری جانب ضلع نصیرآباد کے علاقے موضع گورچانی میں ایف سی اور حساس ادارے نے سرچ آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرکے دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنادیا ۔ برآمد کئے گئے اسلحہ میں بیس کلو دھماکا خیز مواد، ایک دیسی ساختہ تیار شدہ آٹھ کلو وزنی بم، ایک بارودی سرنگ اور ایک تھری ناٹ تھری رائفل شامل ہیں۔ یہ اسلحہ دہشتگردی کی کارروائیوں میں استعمال کیا جانا تھا۔ دریں اثناء بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے جوہان میں نامعلوم افراد کی جانب سے ایف سی کے پشک چوکی پر چار راکٹ فائر کیئے گئے جو کھلے میدان میں گر کر پھٹ گئے تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔لیویززرائع کے مطابق گزشتہ روز قلات سے تقریباََ 90 کلومیٹر دور جوہان کے علاقے پشک میں نامعلوم دہشت گردوں نے ایف سی کے چوکی پر چار راکٹ فائر کیئے جو چوکی سے دور جا کر کھلے میدان میں گر کرزوردار دھماکوں کے ساتھ پھٹ گئے تاہم کوئی بھی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ایف سی کی جانب سے جوابی کاروئی کے بعد ملزمان فرار ہو نے میں کامیاب ہو گئے واقع کے بعد ایف سی اور دیگر قانون نافذ کر نے والے اداروں نے علاقہ کی ناقہ بندی کر کے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔