|

وقتِ اشاعت :   July 9 – 2016

کراچی: بابائے انسانیت عبدالستار ایدھی کا جسد خاکی نماز جنازہ کے لئے نیشنل اسٹیڈیم پہنچا دیا گیا ہے جب کہ اپنے قومی ہیرو کو الوداع کہنے کے لئے صدر مملکت اور آرمی چیف سمیت ہزاروں افراد نیشنل اسٹیڈیم میں موجود ہیں۔ عبدالستار ایدھی کی میت کو پہلے ایدھی سرد خانے سے میٹھادر میں ان کی رہائش گاہ منتقل کیا گیا جہاں ان کے اہل خانہ نے ایدھی صاحب کا آخری دیدار کیا جس کے بعد قومی ہیرو کے جسد خاکی کو پی آئی پی پروٹوکول کے ذریعے لیاری ایکسپریس وے کے ذریعے نیشنل اسٹیڈیم پہنچایا گیا۔ عبدالستار ایدھی کی نماز جنازہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ظہر کی نماز کے بعد ادا کی جائے گی جس کے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں جب کہ سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں، بم ڈسپوزل اسکواڈ کی 12 ٹیموں نے نیشنل اسٹیڈیم کو چیک کیا جب کہ سراغ رساں کتوں کی مدد سے بھی اسٹیڈیم کی سرچنگ بھی کی گئی۔ صدر مملکت ممنون حسین، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، گورنر و وزیراعلیٰ سندھ، گورنر پنجاب شہباز شریف اور ایم کیو ایم، تحریک انصاف، جماعت اسلامی، اے این پی کے رہنماؤں سمیت بڑی تعداد میں سیاسی و کاروباری شخصیات عبدالستار ایدھی کے نماز جنازہ میں شرکت کر رہے ہیں۔ ایڈیشنل آئی جی سندھ پولیس کا کہنا ہے کہ عبدالستار ایدھی کی نماز جنازہ میں ایک لاکھ افراد کی شرکت متوقع ہے جب کہ اسٹیڈیم میں 30 ہزار افراد کی گنجائش ہے لہذا نماز جنازہ میں شرکت کرنے والے افراد 11 بجے تک اسٹیڈیم پہنچ جائیں، تمام شرکاء کو تلاشی لینے کے بعد اسٹیڈیم میں جانے کی اجازت دی جائے گی۔ بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت کے باعث عام شہریوں کے لئے نیشنل اسٹیڈیم کے گیٹ نمبر 4، 5، 6 اور 7 مختص کئے گئے ہیں جب کہ خواص کے لئے علیحدہ گیٹس محتص کئے گئے ہیں۔ نماز جنازہ میں شرکت کے لئے آنے والوں کی گاڑیاں ایکسپو سینٹر، بحریہ یونی ورسٹی، کراچی اسپورٹس کمپلیکس میں پارک کرنے کا انتظام کیا گیا ہے۔ عبدالستار  نماز جنازہ کے موقع پر ہزاروں سیکیورٹی اہلکار تعینات ہوں گے جب کہ ایدھی صاحب کی تدفین ان کی وصیت کے مطابق ایدھی ولیج میں کی جائے گی۔ وزیراعظم نواز شریف کی ہدایت پر عبدالستار ایدھی کی تدفین سرکاری اعزاز کے ساتھ کی جائے گی۔ ایدھی صاحب کے انتقال پر کراچی کی تاجر تنظیموں نے یوم سوگ منانے کا اعلان کیا ہے جب کہ انجمن تاجران حیدرآباد نے بھی آج کاروبار بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آج تمام سینما گھر بھی بند رہیں گے جب کہ سینما گھروں پر آویزاں پوسٹرز بھی ڈھانپ دیئے گئے ہیں۔ عبدالستار ایدھی کے صاحبزادے فیصل ایدھی نے اپنے والد کی نماز جنازہ پڑھانے کے لئے مفتی منیب الرحمان سے درخواست کی تھی تاہم مفتی منیب الرحمان نے شہر میں موجود نہ ہونے کی وجہ سے نماز جنازہ پڑھانے سے معذرت کر لی۔ ان کا کہنا تھا کہ عبدالستار ایدھی نے لاوارث اور محتاج لوگوں کے لئے بے مثال خدمات انجام دیں، جہاں بھی کوئی حادثہ پیش آتا ایدھی صاحب وہاں پہنچ جاتے تھے، ایدھی صاحب کی نماز جنازہ پڑھانے کی درخواست ملی تھی لیکن کل رات ہی ایبٹ آباد پہنچا ہوں اس لئے ظہر تک واپسی ممکن نہیں۔ مفتی منیب الرحمان کی جانب سے معذرت کے بعد دارالعلوم نعیمیہ کے مفتی جان محمد نعیمی قومی ہیرو کی نماز جنازہ پڑھائیں گے۔