|

وقتِ اشاعت :   July 13 – 2016

کوئٹہ : ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی میں وزیرداخلہ بلوچستا ن سرفراز بگٹی کے گھر میں آگ لگ گئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ لیویز ذرائع کے مطابق تحصیل سوئی میں واقع پاکستان ہاؤس میں منگل کی شام کو ایک کمرے میں اچانک آگ لگ گئی ۔لیویز ذرائع نے بتایا کہ ایک کمرے میں موجود دھماکا خیز مواد گرمی کی تپش کی وجہ سے پھٹ گیا جس کی وجہ سے پہلے دھواں نکلا اور پھر ایک چھوٹا دھماکا ہوا۔ دس منٹ کے بعد ایک زوردار دھماکا ہوا اور آگ نے شدت اختیار کرلی۔ اس کے بعد مارٹر گولے اور دھماکا خیز مواد دھماکوں سے پھٹتے رہے تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ بعد ازاں آگ پر قابو پالیا گیا۔ واضح رہے کہ پاکستان ہاؤس میں صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کے والد غلام قادر مسوری بگٹی رہائش پذیر ہیں جبکہ پاکستان ہاؤس کے ایک حصے میں قبائلی امن فورس کے اہلکار بھی رہتے ہیں ۔ دھماکا خیز مواد اور اسلحہ قبائلی امن فورس کے اہلکاروں کاتھا ۔