کوئٹہ : گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں کا بنیادی مقصد معاشرتی ضروریات کو پورا کرنا ہے اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگی پیدا کرنے اور طلباء و طالبات کو روز گار کے حصول میں رہنمائی فراہم کرنا ہے۔ کیونکہ قومی ترقی و خوشحالی میں یونیورسٹیوں کا اہم کردار ہوتاہے۔ انہوں نے صوبہ بلوچستان کی تمام سرکاری یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر ز پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ ملک اورصوبے کے تمام مقابلے کے امتحانات میں صوبے بھر کے طلباء و طالبات کی شرکت کی شرح بڑھانے ، مختلف کورسز کا اہتمام، کو چینگ اسٹڈی سینٹرز کے قیام اور مقابلے کے امتحانات کیلئے تیاری کروانے اور اس سے متعلق مختلف تدابیر وضع کریں۔ ان خیالات کا اظہار گورنر بلوچستان نے منگل کے روز ایک اجلاس کے دوران صوبے کی تمام سرکاری یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر ز سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پروائس چانسلرزپروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال ، پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر، انجینئر احمد فاروق بازئی، پروفیسر ڈاکٹر رخسانہ جبین،پروفیسر ڈاکٹر دوست محمد بلوچ اور پروفیسر ڈاکٹر عبداللہ خان کے علاوہ پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر عبدالجباراور ایڈیشنل سیکرٹری گورنر سیکرٹریٹ سکندرشاہ بھی موجود تھے۔ اجلاس کے دوران یونیورسٹیوں کو درپیش مسائل، تعلیمی ماحول کو بہتر بنانے اور بالخصوص بلوچستان کے طلباء و طالبات کی مقابلے کے امتحانات میں شرکت کی شرح میں اضافہ اور روزگار کے حصول میں رہنمائی فراہم کرنے سے متعلق امور زیر بحث آئے۔ اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل کیلئے مختلف تجاویز بھی پیش کی گئیں ۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان نے عمومی طور پر صوبے کی تمام سرکاری یونیورسٹیوں کی کارکردگی ، تعلیمی اور تحقیقی معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہو ئے کہا کہ بہتری کی گنجائش ہمیشہ باقی رہتی ہے تاہم اعلیٰ تعلیمی اداروں کی ترقی اور تعلیمی معیار کی بلندی کیلئے مزید شعوری کاوشوں کی اشد ضرورت ہے۔ گورنر نے کہا کہ مقابلے کے امتحانات کیلئے مختلف کورسز کا اہتمام اور کوچینگ سینٹر ز کے قیام سے نہ صرف صوبے بھر کے ذہین اور ملنسار طلباء و طالبات کو رہنمائی میسر آئے گی بلکہ انہیں مقابلے کے امتحانات وانٹرویوز کے طریقہ کار سے بھی واقفیت حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ امتحانات او انٹرویوز کی تیاری کروانے سے طلباء میں خود اعتمادی ، ذہنی وسعت و تحقیق ،تخلیق کی جستجو اور وسیع علم سے آگاہی حاصل ہوگی۔ کوچینگ سینٹرز کے قیام اور کیرئر کو نسلنگ سے طلباء و طالبات کو مقابلے کے امتحانات کی تیاری کے علاوہ بین الاقوامی تعلیمی اداروں میں داخلے کیلئے جی آر ای ، این ٹی ایس ، آئیلٹس ، ٹوفل وغیرہ کی تیاری میں بھی کافی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر بروقت اور صحیح معنوں میں منصوبہ بندی اور طلباء میں مقابلے کا رحجان پیدا کرنے سے ان کی کامیابی و سرخروئی یقینی ہوگی۔اس موقع پر بلوچستان کی تمام سرکاری یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز نے گورنر بلوچستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مد برانہ رہنمائی اوراعلیٰ تعلیم کے فروغ کے حوالے سے ذاتی دلچسپی کی وجہ سے تمام جامعات کی ترقی اور کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے جن میں تعلیمی وتحقیقی سرگرمیوں اور طلباء و طالبات کی اینرولمنٹ میں اضافہ ، حاضریوں میں باقاعدگی ، بروقت امتحانات کا انعقاد ،جامعات پر عوام کے اعتماد میں اضافہ اور سیاسی مداخلت میں کمی لانا شامل ہے۔