۔ — فائل فوٹو

|

وقتِ اشاعت :   July 14 – 2016

کوئٹہ : ضلع بارکھان اور ڈیرہ اسماعیل خان کے قریب ٹریفک حادثات میں 11؍افراد جاں بحق اور بیس سے زائد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق پہلا حادثہ ضلع بارکھان کی تحصیل رکھنی میں پیش آیا جہاں پشین کے علاقے خانوزئی سے پنجاب کے شہر ڈیرہ غازی خان جانے والا مزدا ٹرک موٹرسائیکل کو بچاتے ہوئے الٹ گیا۔ حادثے کے نتیجے میں مزدا ٹرک میں سوار چھ افراد جاں بحق اور نو زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں شاہ نواز ولد صالح محمد، باغ علی ولد رحمت اللہ اور احمد ولد طالب حسین کا تعلق جیکب آباد جبکہ باز محمد ، ڈنگر ولد رحمان اور عبدالودود ولد حبیب اللہ کا تعلق قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان سے بتایا جاتا ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال رکھنی پہنچایا کیا گیا جہاں سے شدید زخمیوں کو ڈیرہ غازی خان منتقل کردیا گیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق حادثے میں جاں بحق اور زخمی افراد خالی مزدا ٹرک میں بطور سواری سوار ہوئے تھے اور ڈیرہ غازی خان جارہے تھے۔ واقعہ کے بعد سے مزدا ٹرک کا ڈرائیور غائب ہے۔ دوسری جانب بلوچستان کے ضلع ژوب سے ملحقہ ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں مسافر ویگن ٹرک سے ٹکرا نے کے بعد الٹ گئی۔ حادثے کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق اور خواتین اور بچوں سمیت14افراد زخمی ہوگئے۔ مسافر ویگن ڈیرہ اسماعیل خان سے ژوب جارہی تھی۔ زخمیوں کو ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کردیا گیا۔ حادثے میں جاں بحق اور زخمی افراد کا تعلق ڈی آئی خان، ژوب، لورالائی ، ٹانک اور لکی مروت سے بتایا جاتا ہے۔