|

وقتِ اشاعت :   July 18 – 2016

کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا ء اللہ زہری نے ضلع قلات کے علاقے نیمرغ میں کالعدم تنظیم کے خلاف ایف سی کی کامیاب کاروائی کے دوران ایک دہشت گرد کی ہلاکت ،پانچ دہشت گردوں کی گرفتاری اور دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری اسلحہ کی برآمدگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ایف سی کی کارکردگی کو سراہا ہے جبکہ وزیراعلیٰ نے کوئٹہ ،قلعہ سیف اللہ، چمن سمیت صوبے کے دیگر علاقوں میں ایف سی، پولیس،لیویز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی سماج دشمن اور دہشت گرد عناصر کے خلاف جاری کامیاب کاروائیوں کو بھی سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سیکورٹی ادارے صوبے سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں اور اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچارہے ہیں جس میں انہیں عوام کی بھرپور تائید وحمایت بھی حاصل ہے۔ وزیراعلیٰ نے بلوچستان کو دہشت گردی سے پاک کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد عناصر ان کے سرپرستوں اور سہولت کاروں کو بلوچستان میں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک ہماری جنگ جاری رہے گی۔ وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ صوبے کی ترقی کے لئے امن وامان کے قیام اہمیت کا حامل ہے لہٰذا ایک پرامن ، ترقیاتی یافتہ اور پڑھے لکھے بلوچستان کے قیام کو یقینی بنانے کے لئے تمامتر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور حکومت عوام کی جان ومال کے تحفظ کی اپنی ذمہ داری کو پورا کرنے کے لئے نہ تو کسی دباؤ میں آئے گی اور نہ ہی کوئی سمجھوتہ کیا جائے گا۔ دہشت گردوں پر یہ واضح کردیا گیا ہے کہ انہیں کیفرکردار تک پہنچائے بغیر ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔